حماد اظہر کا سی سی پی او لاہور اور انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخوست جمع کروانے کا اعلان

پولیس دوبارہ میرے گھر داخل ہوئی‘ سارے گھر کی تلاشی لی اور گھر والوں کو ہراساں کیا‘ کوئی وارنٹ نہیں تھا‘ اسلام آباد ہائی کوڑٹ اور آج لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی کھلی حلاف وزی ہوئی ۔ سابق وفاقی وزیر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 مئی 2022 16:39

حماد اظہر کا سی سی پی او لاہور اور انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخوست جمع کروانے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 مئی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے سی سی پی او لاہور اور انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخوست جمع کروانے کا اعلان کردیا ۔ تفسیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس دوبارہ میرے گھر داخل ہوئی ، سارے گھر کی تلاشی لی اور گھر والوں کو ہراساں کیا ، ان کے پاس کوئی وارنٹ نہیں تھا ، اس کے باوجود اسلام آباد ہائی کورٹ اور آج لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی کھلی حلاف وزی ہوئی ، اس پر سی سی پی او لاہور اور انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخوست جمع کروا رہا ہوں ۔


خیال رہے کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے ، پنجاب پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کیلئے فہرستیں تیار کی گئی ہیں جس کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کے کئی مقامی رہنما اور کارکنان گرفتار کر لیے گئے ، پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں کی گرفتاریوں کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے گرفتاری کے لیے 4 سرکاری گاڑیوں کی آمد کا دعویٰ کیا ہے ، ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ میری گرفتاری کے لیے 4 سرکاری گاڑیاں میرے گھر آئیں، ان گاڑیوں میں سفید کپڑوں میں پولیس اہلکار موجود تھے ، میں انشاء اللہ گھبرانے والا نہیں، گرفتار نہیں ہوں گا اور اپنے وقت کے مطابق اسلام آباد پہنچوں گا ، لال حویلی سے طے شدہ وقت کے مطابق 2 بجے نکلوں گا، اللّٰہ ہمیں کامیابی دے گا، اللّٰہ ہی کے پاس ساری طاقت ہے۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر ہم لانگ مارچ نہیں کرتے تو ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری آزادی ہمیشہ کے رک جائے گی، لانگ مارچ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیرداخلہ کا کریمنل ریکارڈ ہے، انہو ں نے کہا ہم گرفتاریاں کریں گے، جہلم اور اٹک کے پُل پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، 700پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا پلان ہے، سوشل میڈیا پر حکومت خلاف بولنے والوں پر پرچے کیے گئے جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ ارکان اسمبلی کو گرفتار کرنے کیلئے پراسس کو فالو کیا جائے۔

سابق وزیر نے کہا کہ لوگوں کو گھروں سے اٹھایا جارہا ہے، نوجوانوں کو ایف آئی اے نے اٹھایا اور گرفتار کیا ،چینلز کو بلا کر کہا گیا کہ پالیسی تبدیل کریں لیکن عمران خان 25مئی کو بڑی ریلی کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے ،حکومت کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں، وزیراطلاعات نے کونسلر کا بھی الیکشن نہیں لڑا، ان کی کیا حیثیت ہے کہ وہ بتائیں الیکشن ہونے چاہئیں یا نہیں؟یہ کام سینئر لیڈرشپ کا ہے، الیکشن کا معاملہ گیدڑ بھبھکیوں سے معاملہ حل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی چھوٹی جماعت نہیں، اسلام آباد آنے کی کال پنجاب اور خیبرپختونخواہ کیلئے ہے، بلوچستان والے کوئٹہ،سندھ میں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اورکراچی میں سب سے زیادہ لوگ نکلیں گے، جلسہ یا دھرنا دینے کا فیصلہ اسلام آباد میں کیا جائے گا،لانگ مارچ میں تما م طبقات کے لوگ شامل ہوں گے ، لاکھوں لوگوں کو نہیں روکا جاسکتا،روکنے سے تلخیاں بڑھیں گی، لانگ مارچ کو روکنے کا نقصان ہوگا، ن لیگ کی حکومت کو کہنا چاہتا ہوں کہ پارٹی میں مشاورت کریں کیونکہ آپ مینڈیٹ کے بغیر حکومت نہیں چلا سکتے۔


لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں