پنجاب حکومت نے لاہور کے داخلی اوراسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کی وجہ سے راستوں کی بندش کا حکم جاری کیا گیا ہے.نجی ٹی وی کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 مئی 2022 18:05

پنجاب حکومت نے لاہور کے داخلی اوراسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 مئی ۔2022 ) حکومت پنجاب نے صوبے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے نجی ٹی وی نے اس ضمن میں صوبائی وزارت داخلہ کے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ کی وجہ سے راستوں کی بندش کا حکم جاری کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانے والے راستوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے نجی ٹی وی کے مطابق ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے بھی تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں صوبائی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ پورے پنجاب میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مارچ سے پہلے انتظامیہ نے لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے ہیں ذرائع کے مطابق لاہور،سگیاں پل، بابو صابو انٹرچینج ، ٹھوکر نیاز بیگ، ایسٹرن بائی پاس سیالکوٹ موٹروے اور کاہنہ کو بند کر دیا گیا ہے. دوسری جانب موٹروے ایم فور کو ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرہ ٹول پلازہ پر کنٹینر پہنچا کر ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے ترجمان موٹر وے کے مطابق موٹر وے ایم تھری کو رجانہ ، پیرمحل وریام والا ٹول پلازہ پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ تمام انٹرچینج پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی.  واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی دفعہ144کا نفاذکرتے ہوئے ریڈ زون اور اس کے اطراف میں آئندہ دو ماہ تک 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون کے علاوہ جناح ایونیو، فورتھ ایونیو، تھرڈ ایونیو، کشمیر چوک پر بھی اجتماع اور احتجاجی مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے اسلام آباد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دفعہ144کا نفاذ دوماہ تک رہے گا.

اسی طرح محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں آئین کی دفعہ 144 نافذ کردی ہے پابندی عائد کرنے سے متعلق محکمہ داخلہ نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ”ڈان نیوز“ کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی جی سندھ نے خط لکھا ہے کہ کچھ سیاسی اور دیگر عناصر غیر قانونی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں.

آئی جی سندھ کے خط کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے جو 30 دن تک جاری رہے گی، اس دوران 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی خط میں آئی جی سندھ نے لکھا کہ صوبے میں سڑکوں، شاہراہوں کو بلاک کرنے اور دھرنا دے کر اجتماع کیا جاسکتا ہے اور اس ممکنہ صورتحال کی وجہ سے عام شہری کی زندگی متاثر ہوگی آئی جی سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ صوبے میں اس طرح کی سیاسی، معاشی صورتحال سے ریاست مخالف عناصر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں.

محکمہ داخلہ سندھ نے کہا کہ ان معلومات کے مطابق صوبے بھر میں کچھ سیاسی جماعتیں غیر قانونی اجتماع، احتجاجی دھرنے اور مظاہرے کر سکتی ہیں جس سے ریاست مخالف عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں بیان میں کہا گیا کہ آئی جی سندھ کے خط کو نظر میں رکھتے ہوئے سیاسی اجتماع اور احتجاجی مظاہروں یا دھرنوں کے دوران کسی غیر متوقع یا ناگزیر واقعے کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے صوبے میں آئین کی دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں