کرنٹ اکائونٹ خسارے ،زرِ مبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے بیرونِ ممالک سے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے‘ڈاکٹرمرتضیٰ سید

میزان بینک ان 8بینکوں میں سے ایک ہے جنہوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کی ابتدا سے ہی خدمات فراہم کرنی شروع کی تھی‘ قائمقام گورنر اسٹیٹ بینک

بدھ 25 مئی 2022 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) قائمقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سیّد نے کہا ہے کہ ملکی کرنٹ اکائونٹ خسارہ پورا کرنے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے بیرونِ ممالک سے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، میزان بینک ان 8بینکوں میں سے ایک ہے جنہوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کی ابتدا سے ہی خدمات فراہم کرنی شروع کی تھی جبکہ دیگر مختلف بینکوں نے بعد میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں شمولیت اختیارکی۔

قائمقام گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیماکامل اور سینئر مینجمنٹ کے ہمراہ کراچی میں میزان بینک کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک نے میزان روشن ڈیجیٹل سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس سینٹر کے قیام کامقصد روشن ڈیجیٹل اکائونٹس صارفین کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میزان بینک کے بورڈ چیئرمین ریا ض ایس اے اے ادریس اور بینک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی بھی موجودتھے۔

اس موقع پر قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک نے اپنے خطاب میں ترسیلاتِ زر کے شاندار حجم اور روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں ایک ارب ڈالر کی ترسیلات وصول کرنے پر بینک مینجمنٹ اور روشن ڈیجیٹل اکائونٹس ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دیگر بینکوںکو بھی ترسیلاتِ زر بڑھانے کیلئے اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور اس سنگِ میل کے حصول کیلئے اختراعی ذرائع اختیار کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ اپنے کارناموںاور لگن کے ذریعے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ملکی کرنٹ اکائونٹ خسارہ پورا کرنے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر بڑھانے کیلئے بیرونِ ممالک سے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ قائم مقام گورنر نے کہاکہ میزان بینک ان 8بینکوں میں سے ایک ہے جنہوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کی ابتدا سے ہی خدمات فراہم کرنی شروع کی تھی جبکہ دیگر مختلف بینکوں نے بعد میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹس میں شمولیت اختیارکی۔

ڈاکٹر مرتضیٰ سید نے کہاکہ آر ڈی اے کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کے ساتھ مشترکہ اقدامات، بیرون ممالک پاکستانیوں کا شرعی رجحان، ریگولیٹرکے تعاون اور بینک کی کاوشوں کی وجہ سے یہ کامیابی ملی۔ اس موقع پر ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سلیم اللہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سہیل جواد اور اسٹیٹ بینک کے چیف ترجمان عابد قمر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر عرفان صدیقی نے آر ڈی اے اقدام میں تعاون اور میزان روشن ڈیجیٹل سینٹرکے افتتاح میں سرپرستی پر اسٹیٹ بینک کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ میزان بینک اس اہم اقدام کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے پوری طرح پُرعزم ہے۔ اس موقع پر میزان بینک کے بورڈ چیئرمین ریا ض ایس اے اے ادریس نے ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ کیلئے تعاون اور کوششوں پراسٹیٹ بینک کا شکریہ اداکیا۔ انہوں نے اسٹیٹ بینک کی قیادت کو یقین دلایاکہ میزان بینک کا بورڈ اسٹیٹ بینک کے مختلف اقدامات بشمول آرڈی اے، کم لاگت ہائوسنگ اور ایس ایم ای فنانسنگ کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں