سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل ،معاشی بحران بڑھ رہا ہے ،نصراللہ مغل

تمام سیاسی جماعتیں ملک کر ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے فوری اقدمات کریں‘ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر آف کامرس

بدھ 25 مئی 2022 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز نصراللہ مغل نے ملک میں جاری ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی عدم استحکام ملکی معیشت کے لیے زہر قاتل ہے ۔سیاسی عدم استحکام کے باعث معاشی بحران میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ۔معیشت اس وقت مختلف خطرات میں گھری ہوئی ہے۔

مہنگائی اور غربت میں اضافہ کے باعث عام آدمی کا جینا محال ہوگیا ہے۔ عدم استحکام کے باعث کئی سالوں سے ملکی معیشت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب جیسے اقدامات متاثر ہوئے ہیں غیر ملکی سرمایہ کارغیر یقینی صورتحال پر اپنی سرمایہ کاری دیگر ممالک میں منتقل کردیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ کے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

نصر اللہ مغل نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث کاروباری سرگرمیاں، متاثر تجارتی حلقوں میں خوف کی فضاء،معاشی شعبہ ہائے زندگی میں جمود کی کیفیت کے سائے دراز ہوتے جارہے ہیں ملک میں معاشی استحکام سازگار تجارتی حالات فعال کاروبار زندگی ہی خوشحال مملکت کے خواب کو تعبیر دے سکتی ہے ۔حکومت مقامی تاجروں اور صنعتکاروں کو اندرون ملک اور بیرون ملک سرمایہ کاری اور کاروبار کو محفوظ حالات فراہم کرے ۔

انہوںنے کہا کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے ملک کو اندرونی و بیرنی سطح پر مشکل حالات کا سامنا ہے سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہاہے ۔اور ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ کمی جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں پچھلے کئی روز سے مسلسل کمی کا رجحان ہے۔انہوںنے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں