ہرغلط کام سب سے پہلے نوازشریف اور شہبازشریف نے کیا: چوہدری پرویزالٰہی

اپنی تقریروں میں علامہ اقبال کے شعر پڑھنے والوں نے جسٹس ناصرہ اقبال کےگھر چھاپہ پڑوایا،رانا ثنا اللّٰہ نے پولیس کے ساتھ مل کر ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کی گفتگو

Umar Nawaz عمر نواز بدھ 25 مئی 2022 16:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 مئی 2022ء ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ ہر غلط کام سب سے پہلے نوازشریف اور شہبازشریف نے کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ اپنی تقریروں میں علامہ اقبال کے شعر پڑھنے والوں نے جسٹس ناصرہ اقبال کےگھر چھاپہ پڑوایا۔ان کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللّٰہ نے پولیس کے ساتھ مل کر ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاک فوج ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستانی قوم اور ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، فوج ہر آفت، زلزلہ و مصیبت اور ملکی سرحدوں کی حفاظت میں پیش پیش رہتی ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ آزادی لانگ مارچ جمہوریت، معیشت اور ملک مضبوط کرنے کے لیے ہے، بطور کسٹوڈین آف دی ہاؤس میرا فرض ہے کہ ارکان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کروں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے حکومت کے ساتھ کسی بھی معاہدے کی تردید کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں اور غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں کہ ڈیل ہو گئی ہے۔ بالکل نہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہم اسلام آباد کی طرف بڑھ رہے ہیں اور کسی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اسمبلیوں کی تحلیل اور انتخابات کی تاریخوں کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد اور پنڈی کے تمام لوگوں کو جوائن کرنے کے لیے کال دے رہا ہوں۔
اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات مریم اونگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کی تردید کر دی۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے .پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی میں معاہدہ طے پایا گیا ہے ، معاہدے کے تحت صرف جلسہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے ، اب لانگ مارچ نہیں صرف جلسہ ہوگا اور عمران خان جلسے کے بعد واپس چلے جائیں گے ۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے ، جس میں حکومت کی جانب سے ایاز صادق اور یوسف رضا گیلانی مذاکرات میں شریک ہوئے جب کہ پی ٹی آئی کی نمائندگی پرویز خٹک اور اسد عمر نے کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں