جعلی حکمران چند دن کے مہمان ہیں ان کو اپنے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا ہو گا: چودھری پرویزالٰہی

جمعرات 26 مئی 2022 23:42

جعلی حکمران چند دن کے مہمان ہیں ان کو اپنے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا ہو گا: چودھری پرویزالٰہی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2022ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ایم پی اے میاں اسلم اقبال، ان کے بھائی اور متعدد ارکان پنجاب اسمبلی کی گرفتاریوں اور تشدد کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منتخب نمائندوں پر پولیس کا تشدد انتہائی تشویشناک ہے، جن ارکان پنجاب اسمبلی کو گرفتار کیاگیا ان کا معاملہ ایوان میں زیر بحث لایا جائے گا، میں بطور ہائوس کسٹوڈین ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں پر خاموش نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنا دیا گیا ہے، پولیس کا غیر قانونی استعمال کیا جا رہا ہے، پولیس کے ذریعے ارکان اسمبلی کو بلاجواز گرفتاراور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان پر بہیمانہ تشدد پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے حکم پر منتخب نمائندوں اور پی ٹی آئی کارکنوں پر تشدد کیا، جعلی اور غیر آئینی حکمرانوں کے کہنے پر پولیس نے ظلم اور سفاکیت کا مظاہرہ کیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ حکومت طاقت کے بل بوتے پر عوام کی اٹھتی ہوئی آواز نہیں دبا سکتی، جعلی حکمران چند دن کے مہمان ہیں ان کو اپنے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کا جواب دینا ہو گا، بیوروکریسی جان لے قانون سے تجاوز کل ان کو جوابدہ بنائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں