لاہور میں سیکڑوں نامعلوم افراد کی لاشیں ملنے کے واقعات، اہم انکشافات سامنے آ گئے

لاہور میں رواں برس 312 نامعلوم افراد کی لاشیں ملیں، نامعلوم افراد کو دوسرے شہروں میں قتل کرکے لاشیں لاہور میں پھینک دی جاتی ہیں۔ریسکیو حکام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 27 جون 2022 15:00

لاہور میں سیکڑوں نامعلوم افراد کی لاشیں ملنے کے واقعات، اہم انکشافات سامنے آ گئے
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔27جون 2022ء ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں نامعلوم افراد کی لاشیں ملنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس بھی بڑھ رہا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں رواں برس 312 نامعلوم افراد کی لاشیں مل چکی ہیں اور اس تعداد میں ہرماہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق نامعلوم افراد کو دوسرے شہروں میں قتل کرکے لاشیں لاہور میں پھینک دی جاتی ہیں۔

ایدھی حکام نے بتایا کہ رواں سال صرف 6 ماہ میں 312 نامعلوم افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔ ایدھی فائونڈیشن کے مطابق رواں برس جنوری میں 33، فروری میں 41، مارچ میں 36 اور اپریل میں 42 نامعلوم افراد کی میتیں ملیں جنہیں ایدھی کی جانب سے دفنا دیا گیا ہے۔ایدھی حکام کے مطابق لاشیں ملنے کے واقعات آئے روز بڑھ رہے ہیں اور مئی میں یہ تعداد خطرناک حد تک بڑھ کر 62 تک جاپہنچی، جبکہ جون کے صرف 25 دنوں میں اب تک 52 نامعلوم میتوں کو دفنایا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں ملنے کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اب تک کی معلومات کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقوں سے شہریوں کو اغوا ء کرکے لاہور میں لاکر قتل کیا جاتا ہے اور لاشوں کو ضائع کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔دوسری جانب   کوہاٹ کے نواحی علاقہ نصرت خیل میں دو نوجوانوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مقامی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

پولیس اور دیگرباخبر ذرائع کے مطابق منگل کے روز نواحی علاقہ نصرت خیل کی حدود میں دو نوجوانوں کی قتل شدہ لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مارکر قتل کردیا گیا۔مقتولین کی شناخت عبدالحمیدسکنہ نصرت خیل اور زبیر سکنہ کاغذئی کے ناموں سے ہوئی ہے۔مقامی پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد قبضہ میں لے کر دہرے قتل کی واردات کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں