ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا معاملہ، فرح خان کے شوہر کا حکومت کو جواب

ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، حکومت پہلے مقدمہ بنائیں پھر ریڈ وارنٹ کی بات کرے۔احسن جمیل گجر کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 3 جولائی 2022 23:34

ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا معاملہ، فرح خان کے شوہر کا حکومت کو جواب
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 3جولائی 2022) سابق خاتون اول بشری بی بی کی دوست فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر کا کہنا ہے کہ حکومت پہلے مقدمہ بنائیں پھر ریڈ وارنٹ کی بات کرے۔انہوں نے وزیر داخلہ پنجاب عطاء اللہ تعالی کی جانب سے فرح خان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کمپنی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان میں رجسٹرڈ ہے۔

انڈسٹریل اسٹیٹ کا پلاٹ 8 کروڑ کا ہے۔دو کروڑ جمع کروائے ہیں۔ پلاٹ ابھی ہمارے نام نہیں ہوا مزید قسطیں جاری کروانی ہے ۔جب کہ سابق خاتونِ اوّل کی سہیلی فرح خان نے پنجاب کے صوبائی وزرا عطا تارڑ اور ملک احمد خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق فرح شہزادی نے صوبائی وزرا کی پریس کانفرنس میں عائد الزامات کو من گھڑت اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ عطا تارڑ اور وزیر قانون ملک احمد خان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔

فرح شہزادی کے وکیل اظہر صدیق نے بتایا کہ عطا تارڑ کے خلاف ہتک عزت کا دعوی سول عدالت میں دائر کیا جا رہا ہے کیونکہ صوبائی وزرا نے جس پلاٹ سے متعلق الزام لگایا جا رہا اٴْسے قانونی تقاضے پورے کر کے خریدا گیا۔ اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے فرح شہزادی کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کمپنی کا نام لیا جا رہا ہے وہ ایس ای سی پی میں 26 نومبر 2020 سے رجسٹرڈ اور فرح خان اور اٴْن کی والدہ بشرا خان اس کے شئیر ہولڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس پلاٹ کا الزام لگایا جا رہا ہے اس کی صرف 1 قسط ہی ادا کی گئی ہے، اس پلاٹ کی ابھی عارضی آلاٹمنٹ ہوئی ہے، اگر کوئی بے ضابطگی ہوئی بھی ہے تو پلاٹ کینسل ہو سکتا ہے۔اظہر صدیق ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ فرح شہزادی کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جارہی ہے اور مقدمے میں بھی اٴْن ہی دفعات کو شامل کیا گیا جبکہ ایف آئی آر اب تک فراہم نہیں کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ جس پلاٹ کا الزام لگایا گیا اٴْس پر حکم امتناعی آنے کے بعد کوئی قسط تاحال ادا نہیں کی گئی اور یہ اراضی ابھی تک فرح خان کی ملکیت میں بھی نہیں آئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں