معاشی طور پر غیر معمولی صورتحال میں صنعتی اور برآمدی شعبہ کی ہرممکن مدد سےہی پاکستان کی برآمدی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت جائزہ اجلاس

پیر 4 جولائی 2022 12:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی طور پر غیر معمولی صورتحال میں صنعتی اور برآمدی شعبہ کی ہرممکن مدد سےہی پاکستان کی برآمدی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جا سکتا ہے،صرف گیس پر چلنے والے کارخانوں کے لئے گیس لوڈ شیڈنگ کی پالیسی پر نظر ثانی کی جائے تاکہ برآمدات کی پیداواری ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں معاون انڈسڑیل اوربرآمدی شعبہ کے مسائل کے حل کے لئے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انرجی ڈویژن انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیر برائے کامرس سید نوید قمر،وفاقی وزیر برائے انڈسٹریز سید مرتضی محمود،وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک،رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی،صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان، متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام اور ٹیکسٹائل سیکٹر کے نامورکاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم شہباز شریف نے انڈسٹریل اور بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کے انرجی سپلائی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بزنس مین کے نمائندہ گروپ کو متعلقہ وزرا سے فوری طور پر ملاقات میں مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کے مسائل کے موافق اور موضوع اقدامات کے ذریعے فوری حل میں ہی پاکستان کی معاشی بقاء پوشیدہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی طور پر غیر معمولی صورتحال میں انڈسٹریل اور برآمدی سیکٹر کی ہرممکن مدد سےہی پاکستان کی برآمدی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں بہتر طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے صرف گیس پر چلنے والے کارخانوں کے لئے گیس لوڈ شیڈنگ کی پالیسی پر نظر ثانی کی ہدایت کی تاکہ برآمدات کی پیداواری ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں