اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا ن لیگ کے 4 ایم پی اے پی ٹی آئی کے پاس آنے کا دعویٰ

مزید 5 حلف کے بعد ہمارےارکان 173 ہو جائیں گے اور اب پنجاب میں حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی۔ سبطین خان کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 4 جولائی 2022 13:22

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کا ن لیگ کے 4 ایم پی اے پی ٹی آئی کے پاس آنے کا دعویٰ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جولائی 2022ء ) تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر پنجاب سبطین خان نے مسلم لیگ ن کے 4 ایم پی اے پی ٹی آئی کے پاس آنے کا دعویٰ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب پنجاب میں حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی اور ن لیگ کے 4 اراکین صوبائی اسمبلی ہمارے پاس آ رہے ہیں جب کہ مزید پانچ حلف کے بعد ہمارےارکان 173 ہو جائیں گے ، جمہوری حق عوام کو دیا جائے ، امید ہے حکومت بیوروکریسی کو مس یوٹیلائز نہیں کرے گی اور یہ فری اور فئیر الیکشن ہو گا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حکومت نے 3 ماہ میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ، اس دوران انہوں نے صرف اپنے کیس کلئیر کرائے لیکن ہم چاہتے ہیں آزاداور غیرجانبدارالیکشن ہوں۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان تحریک انصاف کو ضمنی الیکشن سے پہلے لاہور سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 158 میں اہم کامیابی مل گئی جہاں سابق ن لیگی ایم پی اے میاں محمد اسحاق ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوئے اور تحریک انصاف کے امیدوار محمد اکرم عثمان کی حمایت کا اعلان کردیا ، لاہور کے حلقہ پی پی 158 میں جاری انتخابی مہم کے دوران سابق ن لیگی ایم پی اے میاں محمد اسحاق ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت بھی اختیار کی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے امیدوار محمد اکرم عثمان نے کہا کہ نئے آنے والوں کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں ، عوام ضمنی انتخابات میں لوٹوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے ، اس مقصد کے لیے پی پی 158کے باشعور عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انشااللہ یہ سیٹ جیت کر عمران خان کو واپس دیں گے۔ حال ہی میں لودھراں سے مسلم لیگ ن کے اہم رہنما پیر اقبال شاہ قریشی نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے ، انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات میں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ، جس کے بعد پیر اقبال شاہ کے بیٹے عامر اقبال شاہ پی پی 224 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ضمن الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ ان کے ہمراہ سابق ن لیگی ضلعی وائس چیئرمین پیر مدثر جہانزیب نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں