شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور

عدالت نے 16 جولائی کو نیب اور ملزمان کے وکلا ء کو بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی

منگل 5 جولائی 2022 18:01

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2022ء) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی دو الگ الگ ریفرنسز میں سماعت کے دوران حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکیم کیس جبکہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت کے سلسلے میں عدالت آنا تھا۔

شہباز شریف کو پہلے ہی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جاچکا ہے، اس کیس میں وزیر اعظم کو حمزہ شہباز کے ساتھ بطور مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔احتساب عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے وکیل امجد پرویز نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

(جاری ہے)

دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے، دونوں کی عدم پیشی سے ٹرائل متاثر نہیں ہوگا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی آج کی سماعت سے حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔سماعت کے دوران احتساب عدالت نے 16 جولائی کو نیب اور ملزمان کے وکلا ء کو رمضان شوگر مل ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں