100 یونٹ فری دینگے تو حمزہ کے اقدام کی حوصلہ افزائی ،مفت بجلی نہ ملی تو احتجا ج کرینگے ‘فیاض الحسن چوہان

حمزہ شہباز کی قیادت میں پری پول ریگنگ ہو رہی ہے حمزہ نے سپریم کورٹ میں دھاندلی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی‘میڈیا سے گفتگو

منگل 5 جولائی 2022 18:01

100 یونٹ فری دینگے تو حمزہ کے اقدام کی حوصلہ افزائی ،مفت بجلی نہ ملی تو احتجا ج کرینگے ‘فیاض الحسن چوہان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض چوہان نے کہا ہے کہ اگر 100 یونٹ والے گھرانوں کو مفت بجلی نہ ملی تو پنجاب بھر میں احتجاج کرینگے۔فیاض چوہان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حمزہ شہباز کی قیادت میں پری پول ریگنگ ہو رہی ہے جب کہ حمزہ نے سپریم کورٹ میں دھاندلی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، یہ 17جولائی الیکشن جیتنے کیلئے چھوٹی چھوٹی حرکتیں کر رہے ہیں، 4 حلقوں میں 4 ارب روپے سے زائد کا فنڈز دیا گیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز نے عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق اور دھوکا کیا ہے اور عوام کو سہانے خواب دکھائے کہ 100 یونٹ والے گھرانوں کو بجلی مفت ملے گی، اگر 100 یونٹ فری دیں گے تو حمزہ کے اقدام کی حوصلہ افزائی کریں گے لیکن اگر 100 یونٹ والے گھرانوں کو مفت بجلی نہ ملی تو پنجاب بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مفت بجلی والا معاملہ وفاق کا معاملہ ہے اور یہ ان کے دائرہ اختیار میں آتا ہی نہیں ہے، چیری بلاسم گھر بھی آئی ایم ایف کی مرضی کے بغیر نہیں جاتا تو کیا آئی ایم ایف ایک صوبے کو 100 یونٹ مفت بجلی دے گی۔فیاض چوہان نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم غلام اور بھکاری ہو جو امریکا کے سامنے بیٹھے ہو اور خزانے کی دھجیاں اڑا رہے ہو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں