ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو سنی اتحاد کونسل کی حمایت مل گئی

امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں ، عوام لوٹوں کو اپنے ووٹوں سے عبرتناک شکست دیں گے۔ صدر پی ٹی آئی پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی سنی اتحاد کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 جولائی 2022 17:27

ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو سنی اتحاد کونسل کی حمایت مل گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جولائی 2022ء ) صوبہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو سنی اتحاد کونسل کی حمایت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی حمایت کردی ، اس سلسلے میں پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد سے سنی اتحاد کونسل کے وفد نے پارٹی آفس میں ملاقات کی ، سنی اتحاد کونسل کے وفد کی قیادت چیئرمین سید حامد رضا نے کی ، ملاقات میں پیر طارق ولی ، نعیم علوی ، میاں اکرم ، معین الحق ، مفتی ڈاکٹر محمد مقیم خان ، نذر محمد گوندل، ڈاکٹر ندیم خواجہ، ڈاکٹرعائشہ شانیلا علی نے بھی شرکت کی۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن سمیت موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر سنی اتحاد کونسل نے پنجاب میں ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ، جس پر ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کی پی ٹی آئی کی حمایت پر شکرگزار ہیں ، 17جولائی کو فتح تحریک انصاف کی ہو گی ، امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، عوام لوٹوں کو اپنے ووٹوں سے عبرتناک شکست دیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر سینئر تجزیہ کار عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ 17 جولائی کو الیکشن ہے جس سے 5-6 دن پہلے اور گندے کھیل کھیلے جائیں گے ، ضمنی انتخابات سے کچھ دن قبل بہت گندے کھیل کھیلے جائیں گے کیونکہ کسی نے ہر حالت میں الیکشن کو چرانا ہے کیوں کہ انہی انتخابات پر اگلے 6 سال گزارنے ہیں۔ انہوں نے جی این این کے پروگرام میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی 17 جولائی کے ضمنی الیکشن جیت گئی تو حکومت گئی لہذا انتخابات سے کچھ دن پہلے ہی گندا کھیل شروع کر دیا جائے گا۔

عارف حمید بھٹی نے مزید کہا کہ حکومت آتے ہی مہنگائی بڑھ گئی، اتنی تیزی سے دنیا میں کہیں مہنگائی نہیں بڑھی ، نیب ترامیم کرکے اپنے کیسز میں مکمل تبدیلی کر دی گئی، لوٹوں سے ووٹ لیے گئے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے متعدد حلقوں میں 17 جولائی کو ضمنی انتخابات کا میدان سجے گا ، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کی ضمنی الیکشن میں ایک دوسرے کو شکست دینے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ، جہاں نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز لاہور کے بعد پنجاب کے دیگر اضلاع میں انتخابی حلقوں میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گی وہیں چیئرمین تحریک انصاف نے بھی انتخابی مہم میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی ٹھان لی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں