عطاء تارڑ کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ

چھاپے کے وقت وزیراعظم کے معاون خصوصی اپنے گھر پر موجود نہیں تھے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 13 اگست 2022 10:32

عطاء تارڑ کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اگست 2022ء ) پنجاب پولیس نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطاء تارڑ کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے عطاء تارڑ کو گرفتار کرنے کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تاہم چھاپے کے وقت مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ اپنے گھر پر موجود نہیں تھے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کو سابق صوبائی وزراء عطااللہ تارڑ اور ملک احمد خان کے خلاف کارروائی کا خدشہ ہے کیوں کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 25 مئی کے واقعے میں ملوث لیگی کارکنان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے ، مسلم لیگ ن نے اپنے کسی بھی رہنما کے خلاف کارروائی پر سخت ردعمل دینے کا فیصلہ کیا ہے، ممکنہ مقدمات اور گرفتاریوں پر سخت ردِعمل دینے کے لیے لیگی کارکنان کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایک گھنٹے کے نوٹس پر لاہور کے صوبائی حلقوں سے لیگی کارکنان اکٹھے کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر ترجمان وزیرِ اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ چھوٹو تارڑ اپنی اوقات سے بڑھ کر باتیں کرنے سے باز رہے، ا چھوٹو تارڑ کو قانون کی ڈگڈگی پر ایسا نچائیں گے کہ اس کی عقل ٹھکانے آ جائے گی،پنجاب اسمبلی میں گھس بیٹھیا بن کر اور ذو معنی اشارے کر کے عطا تارڑ نے اپنی اوقات دکھائی، یہی ذو معنی گفتگو اور غیر پارلیمانی اقدار ن لیگ کے ہر قائد کی تربیت میں شامل ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چھوٹو تارڑ کو شاید حمزہ شہباز کی غیر قانونی حکومت کا جانا ابھی تک ہضم نہیں ہوا، چھوٹو تارڑ یہ بتائے کہ بیگم صفدر اعوان کس حیثیت سے وفاقی حکومت میں حصے دار بنی بیٹھی ہے، بیگم صفدر اعوان کس حیثیت سے میڈیا میں سرکاری اثر و رسوخ استعمال کر کے اثر انداز ہو رہی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا 25 مئی کو ن لیگ نے یزیدی ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کے پر امن مارچ کو خون سے رنگ دیا، پنجاب حکومت شواہد کی روشنی میں سانحہ 25 مئی میں ملوث کرداروں کی لسٹیں بنا رہی ہے، تمام ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں