لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر کرنے کی تیاریاں

وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی نے صوبائی دارالحکومت میں 500 سے زائد الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی

muhammad ali محمد علی بدھ 30 نومبر 2022 23:02

لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر کرنے کی تیاریاں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2022ء) لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر کرنے کی تیاریاں، وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی نے صوبائی دارالحکومت میں 500 سے زائد الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 19واں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور میں 513ہائبرڈ/الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے لاہور فیڈرروٹ کے لئے مزید بسیں لانے کا پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دیا اور سپیڈو فیڈر بس سروس کی لاہورسے شیخوپورہ اورمریدکے تک توسیع کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو بحال اورفعال کرنے کا حکم دیا اور پاکستان میٹروبس سسٹم راولپنڈی اسلام آبادکی بسوں کی تعمیر ومرمت اورنئی بسیں خریدنے کی منظو ری دی جبکہ بہاولپورسے لودھراں بس سروس آپر یشن جاری رکھنے کااصولی فیصلہ کیا گیا اور بہاولپور سے لودھراں روٹ کو جاری رکھنے کیلئے 12بسوں کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے 8سٹیشنز کی کمرشلائزیشن کی جائے گی۔ پاکستان میٹروبس سروس راولپنڈی اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے انتظامات راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سپرد کیے جائیں گے۔ لاہورمیٹروبس سروس سسٹم میں بہتری لائی جائے گی۔اجلاس میں آٹومیٹک فیئر کولیکشن اینڈ بس شیڈولنگ سسٹم کیلئے این آر ٹی سی کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا اور لاہورمیٹروبس سسٹم کی بسوں کی تعمیرومرمت کے معاہدے میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں اورنج لائن میٹروٹرین سسٹم کی انشورنس کے فیصلے کی توثیق اور سی ڈی اے کو 15بسیں دینے کے فیصلے کی ایکس پوسٹ فیکٹوتوثیق کی گئی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ محمد منیب سلطان چیمہ، ارکان صوبائی اسمبلی شمیم آفتاب، خدیجہ عمر، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر،چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میاں ہارون اکبر ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری خزانہ، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، سیکرٹری پی ایم اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں