نوازشریف کی اس جنرل الیکشن میں سیاسی موت ہوجانی ہے، عمران خان

نوازشریف پانامہ انکشاف میں پکڑا گیا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ پر95 فیصد کیسز انہی کے دور میں بنے، ملک میں جنگل کا قانون بنا ہوا ہے، اکتوبر میں بھی کہہ دیں گے پیسے نہیں ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 مارچ 2023 20:45

نوازشریف کی اس جنرل الیکشن میں سیاسی موت ہوجانی ہے، عمران خان
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مارچ 2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کی اس جنرل الیکشن میں سیاسی موت ہوجانی ہے، جب آپ ایک بار آئین توڑ سکتے ہیں تو پھر کچھ بھی کرسکتے ہیں، ملک میں جنگل کا قانون بنا ہوا ہے، اکتوبر میں بھی کہہ دیں گے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا گارنٹی کہ اکتوبر میں بھی الیکشن کرادیں گے؟ حالات مزید خراب ہوں گے تو کیا 8 اکتوبر سے بھی اگے الیکشن جائیں گے؟ سپریم کورٹ کا فیصلہ ختم نہیں ہوگا تو اکتوبر میں کیسے الیکشن ہوں گے؟ ایک بار آئین سے نکلنے کا فیصلہ کرلیا تو اس کے بعد تو کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

ضیاء الحق نے 90 دنوں میں الیکشن کا کہا تھا اور 11سال پورے کرلئے تھے۔

(جاری ہے)

جب آپ ایک بار آئین توڑ دیتے ہیں تو پھر کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ ایسے تو یہ کبھی بھی کہہ دیں گے پیسے نہیں ہیں،ملک میں جنگل کا قانون بنا ہوا ہے،جو یہاں کیا گیا وہ کہیں نہیں ہوتا۔ عمران خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ پر 95 فیصد مقدمات انہی کے ادوارحکومت میں بنے، ہمارے دور کا تو ان کے خلاف ایک بھی کیس نہیں تھا، نوازشریف تو عالمی انکشاف پر پانامہ میں پکڑا گیا تھا، اسحاق ڈار اور شہبازشریف کا داماد بھی ان کے دور میں ملک سے بھاگے تھے، ہمارے دور میں صرف شہبازشریف کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی اس الیکشن میں سیاسی موت ہوجانی ہے۔ یاد رہے لاہورہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے 5 مقدمات میں حفاظتی ضمانتوں میں 27 مارچ تک توسیع کردی۔ دنیا نیوز کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے پانچ مقدمات میں حفاظتی ضمانتوں کی درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت ہوئی۔ عمران خان کی جانب سے عدالت میں بیان حلفی عدالت میں جمع کرایا گیا، جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کو خود بیان حلفی پڑھ کر سنانے کی ہدایت کی۔

جس پر عمران خان نے خود بیان حلفی پڑھ کر سنایا، جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس میں کہا کہ ہم آپ کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرنے لگے ہیں۔ اب ایسا نہ ہو کہ اسلام آباد میں آپ کی درخواستیں دائر نہ ہوں۔ عدالت نے کہا کہ وارننگ دے رہے ہیں کوئی غلط بیانی ہوئی تو سنجیدہ نتائج ہوں گے۔ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی بھی ہوسکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں