پی ٹی آئی جلسے سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا گیا

جلسے کی وجہ سے گریٹر اقبال پارک میں کم وبیش80 لاکھ روپے کا نقصان کا تخمینہ ہے۔ پی ایچ اے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 مارچ 2023 14:05

پی ٹی آئی جلسے سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا گیا
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 مارچ 2023ء ) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے پی ٹی آئی کے گریٹر اقبال پارک جلسے سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانا شروع کر دیا۔ پی ایچ اے کے مطابق پی ٹی آئی اے کے جلسے کی وجہ سے گریٹر اقبال پارک میں کم وبیش 80 لاکھ روپے کا نقصان کا تخمینہ ہے، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے نے افسران مالیوں کی ڈیوٹی لگادی ہے جنہوں نے نقصان کے حوالے سے سروے شروع کردیا ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی گریٹر اقبال پارک میں اس سے پہلے جلسہ سے ہونے والے نقصانات کی مد میں بھی 40 لاکھ روپے کی ڈیفالٹر ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مینارِپاکستان جلسے میں شریک عوام کے حوالے سے اعداد و شمار سامنے آگئے، روزنامہ خبریں نے رپورٹ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جلسے میں 3 لاکھ افراد تھے، اس حوالے سے غیر جانبدار ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے جلسے میں شرکت کی جب کہ ایجنسیوں کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 70 ہزار افراد مینار پاکستان جلسے میں شریک ہوئے، تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جلسے میں صرف 25 ہزار لوگ موجود تھے۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہوریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مینار پاکستان جلسے کی ویڈیو شیئر کردی، ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور کو بند کرنے اور ہمارے 2 ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرنے کے باوجود لاہور کے لوگ ہمارے مینار پاکستان پر چھٹے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے بڑی تعداد میں آئے، میں خاص طور پر اپنے لاہوریوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے مجھے ایک بار پھر سے مایوس نہیں کیا، مجھے لاہور پر فخر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں