جیل میں پی ٹی آئی خواتین سے بدسلوکی کا الزام، نگران وزیراعلیٰ نے تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر اور ایس ایس پی انوسٹیگیشن آج جیل کا دورہ کریں گی، جیل میں قید خواتین سے ملاقات کریں گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 29 مئی 2023 12:09

جیل میں پی ٹی آئی خواتین سے بدسلوکی کا الزام، نگران وزیراعلیٰ نے تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی
لاہور ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء ) نگران وزیر اعلی نے تحریک انصاف کی طرف سے جیل میں خواتین پر تشدد کے دعوں پر دو رکنی کمیٹی قائم کر دی ۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر اور ایس ایس پی انوسٹیگیشن آج جیل کا دورہ کریں گی اور جیل میں قید خواتین سے ملاقات کریں گی۔نگران وزیراعلیٰ کی جانب سے بنائی گئی دو رکنی کمیٹی تحریک انصاف کے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔

دونوں خواتین افسران آج کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کریں گی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جیل میں خواتین سے بدسلوکی سے متعلق اس وقت تشویش کا اظہار کیا گیا جب دو روز قبل رات گئے وزیراعلیٰ داخلہ راناثناء اللہ کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی تھی۔تاہم پنجاب حکومت نے گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو سراسر جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9مئی کی شرپسندی کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے شرپسند حملوں میں ملوث خواتین کے ساتھ کوئی بدسلوکی نہیں کی جا رہی،ایک نام نہاد سیاسی پارٹی اپنے مذموم مقاصد کے لیے خواتین بارے زہریلا پروپیگنڈہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں قید 9مئی کے واقعات میں ملوث خواتین سے قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے، قیدی خواتین خود بھی اس چیز کی گواہی دے رہی ہیں، پولیس جیلوں میں قید خواتین کو قانون کے مطابق شائستگی سے ڈیل کر رہی ہے۔

عامر میر نے کہا کہ 9مئی کی شرپسندی کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے مگر جھوٹے پروپیگنڈے سے سستی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے ،عوام شرپسندوں کی سرپرستی کرنے والے کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں،جھوٹ کی دوکان چلانے والے بلوائی کو شرم کرنی چاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں