جیل میں خواتین سے بدسلوکی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا

تمام خواتین سے پوچھا گیا کسی کو بھی کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے،جیل کے اندر ڈاکٹرز اور سائیکالوجسٹ بھی موجود ہیں، سپیشل گائنا کالوجسٹ بھی موجود ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود پی ٹی آئی کی گرفتار خواتین سے ملاقات کے بعد گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 29 مئی 2023 16:12

جیل میں خواتین سے بدسلوکی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا
لاہور( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 29 مئی 2023ء ) ڈپٹی کمشنر لاہور رفیعہ حیدر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود کوٹ لکھپت جیل پہنچں جہاں انہوں نے جیل میں قید پی ٹی آئی کی خواتین سے ملاقات کی۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا ہے کہ تمام خواتین سے ملاقات ہوئی، ایک ایک کر کے سب خواتین سے بات ہوئی۔سب سے پوچھا گیا کہ آپ کو کوئی مسئلہ درپیش ہے تو بتائیں۔

تمام خواتین سے پوچھا گیا کسی کو بھی کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔جیل کے اندر ڈاکٹرز اور سائیکالوجسٹ بھی موجود ہیں، یہاں پر سپیشل گائنا کالوجسٹ بھی موجود ہیں۔جیل میں لائبریری موجود ہے، جیل میں خواتین کو پڑھنے کے لیے کتابیں بھی دی جا رہی ہیں۔جیل میں خواتین کو صاف پانی اور طبی سہولیات بھی دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین سے بدسلوکی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

پی ٹی آئی کی ٹوٹل 10 خواتین کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔قبل ازیں انوش مسعود نے یہ بھی کہا کہ ملزمہ خدیجہ شاہ کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔ جیلوں میں خواتین سے زیادتی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا صرف عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پولیس اسٹیشنز میں تمام اسٹاف فی میل ہوتا ہے۔

خواتین کے ساتھ نازیبا سلوک کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور نے مزید کہا کوٹ لکھپت جیل میں جہاں خواتین کو رکھتے ہیں وہاں مرد حضرات کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔9 مئی کو ہونے والے واقعات میں ملوث لوگوں کو شناخت کرکے گرفتار کیا گیا۔جبکہ پنجاب حکومت نے گرفتار خواتین سے ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو سراسر جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9مئی کی شرپسندی کی منصوبہ بندی کرنے والا شخص حسب سابق عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں