9 مئی کے واقعات میں ملوث 300 میں سے 46 خواتین کو گرفتار کیا گیا

گرفتار کی جانے والی 29 خواتین ضمانت پر رہا ہو چکی ہیں،جیل میں قید 17 خواتین کی شناخت پریڈ جاری ہے،نگران پنجاب حکومت

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 1 جون 2023 10:48

9 مئی کے واقعات میں ملوث 300 میں سے 46 خواتین کو گرفتار کیا گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 01 جون 2023ء) نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث پولیس کو مطلوب 300 میں سے 46 خواتین گرفتار ہوئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر میر نے کہا ہے کہ گرفتار 46 خواتین میں سے اب تک 29 خواتین ضمانت پر رہا ہو چکی ہیں،شناخت پریڈ کیلئے جیل میں موجود خواتین کی تعداد صرف 17 ہے۔ انکا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق ان خواتین کی شناخت پریڈ ہونے سے پہلے ملاقات ممکن نہیں،تمام گرفتار ملزمان کیلئے ملکی قوانین کا اطلاق ایک جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی سے نا انصافی ہو گی اور نہ ہی کسی کو کوئی رعایت ملے گی،شناخت سے پہلے ملزمان کی کسی بھی شخص سے ملاقات نہیں کروائی جاتی۔ ایک نام نہاد سیاسی جماعت پوائنٹ اسکورنگ کیلئے خواتین کی تعداد بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نگران پنجاب حکومت نے عمران خان سے 25 نام نہاد پی ٹی آئی شہداء کی لسٹ مانگی تھی۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پی ٹی آئی کے ان 25 نام نہاد شہداء کی لسٹ مانگی جن کے نام پر انہوں نے پاکستانی امریکن کمیونٹی سے 5 لاکھ 34 ہزار ڈالرز بطور امداد اینٹھے۔

نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ خان صاحب کو ایک کالے جھوٹ کی بنیاد پر ڈالرز ٹھگنے پر شرم سے ڈوب مرنا چاہیئے۔ عمران خان کی 4 سال حکومت چلانے والا کردار حملوں کا ماسٹرمائنڈ تھا،کورکمانڈر گوجرانوالہ، کورکمانڈر پنڈی پر حملے کی منصوبہ بندی تھی۔عمران خان کا اصرار ہے زیادہ اہلکار سرچ آپریشن کیلئے نہ آئیں،مطلوب افراد کی جیوفینسنگ کی گئی جن کی لوکیشن زمان پارک آئی۔

یاد رہے پاک امریکن کمیونٹی نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والے 25 پی ٹی آئی ورکرز کے اہل خانہ کے لیے فنڈز جمع کرنے کی عمران خان کی اپیل پر 5 لاکھ 34 ہزار ڈالرز جمع کیے تھے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میں پاک امریکن کمیونٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور فنڈ قائم کرنے پر ڈاکٹر نصراللہ اور اسد فیضی کا خصوصی شکر گزار ہوں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں