پی ٹی آئی چھوڑنے والے ہم خیال اراکین نے نیا گروپ بنا لیا

نئے گروپ کا نام ڈیموکریٹس رکھا گیا ہے، ڈاکٹر مراد راس اور ہاشم ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس میں گروپ کا نام فائنل کیا گیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 4 جون 2023 15:12

پی ٹی آئی چھوڑنے والے ہم خیال اراکین نے نیا گروپ بنا لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 جون 2023ء ) پی ٹی آئی چھوڑنے والے ہم خیال اراکین نے نیا گروپ بنا لیا۔ نئے گروپ کا نام ڈیموکریٹس رکھا گیا ہے، ڈاکٹر مراد راس اور ہاشم ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس میں گروپ کا نام فائنل کیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق مذکورہ گروپ کے اجلاس میں ہم خیال اراکین جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ فی الحال نہیں جائیں گے اور ڈیموکریٹس کے نام سے اپنی الگ شناخت رکھیں گے تاہم الیکشن کمیشن میں اس گروپ کو رجسٹرڈ نہیں کرایا جائے گا جب کہ گروپ میں آنیوالے اراکین کی شناخت بھی فی الحال ظاہر نہیں کی جائیں گی۔

اس حوالے سے اس گروپ کے اہم رکن ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ وہ اپنی الگ گروپ کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائیں گے۔ سب لوگوں سے رابطے میں ہیں تاہم ڈیموکریٹس گروپ ق لیگ، پی پی پی اور مسلم لیگ ن میں بھی شمولیت اختیار نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کے سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کے لیے 2 مجوزہ نام سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے پارٹی کے نام کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ تیز کردیا ہے، جہانگیر ترین کی جانب سے تین سے چار روز میں پارٹی کا اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ترین گروپ کی نئی سیاسی جماعت کے لیے 'عوام دوست پارٹی' اور 'پاکستان انصاف پارٹی' کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ترین گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں نام ابھی حتمی نہیں ہیں ، مشاورت کر رہے ہیں، پارٹی اراکین کے ساتھ مشورہ کیا جارہا ہے،کوئی اور نام بھی سامنے آسکتا ہے، اعلان مشاورت کے بعد ہی کریں گے۔ واضح رہے کہ جہانگیر ترین نے لیگل ٹیم کوپارٹی رجسٹریشن کے لیے فوری اقدامات کرنےکا ٹاسک دےدیا ہے، لیگل ٹیم پارٹی کے نام اور الیکشن کمیشن کو درکار تمام تقاضے پورے کرےگی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد الیکشن کمیشن کو درخواست دی جائےگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں