پنجاب میں عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت

پولنگ سٹیشنز پر بجلی اور انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں، انتخابی نتائج کی شفافیت اور میڈیا کی سہولت کے لئے ہر پولنگ سٹیشن کے باہر سمارٹ میڈیا وال نصب کی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی اتوار 4 فروری 2024 14:06

پنجاب میں عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 فروری 2024ء ) صوبہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عام انتخابات کے پرامن و شفاف انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت عام انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، صوبائی الیکشن کمشنر، کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام شریک ہوئے جب کہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ میں بتایا کہ ’پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے، جسے 6 فروری تک مکمل کر لیا جائے گا‘، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے 5 اور 6 فروری تک بیلٹ پیپرز اور متعلقہ سامان کی ترسیل یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کا عمل 6 فروری سے قبل مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر بجلی اور انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں، انتخابی نتائج کی شفافیت اور میڈیا کی سہولت کے لئے ہر پولنگ سٹیشن کے باہر سمارٹ میڈیا وال نصب کی جائے، پولنگ کے تمام عمل کو شفافیت اور خوش اسلوبی سے سرانجام دینے کیلئے متعلقہ اداروں میں مؤثر رابطے کو بھی یقینی بنایا جائے۔ دوسری طرف بلوچستان حکومت نے کوئٹہ میں جلسوں اور انتخابی اجتماعات پر پابندی عائد کردی، صوبائی نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے بتایا کہ کوئٹہ میں خاتون خودکش حملہ آور کی موجودگی کا تھریٹ الرٹ موجود ہے، اسی تھرٹ الرٹ کے پیش نظر عوامی جلسوں اور انتخابی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی انتخابی میٹنگز کا انعقاد گھر کے اندر چار دیواری میں کریں کیوں کہ عام انتخابات کے حوالے سے بلوچستان کی صوبائی انتخابی مہم کی ضرورت کو تسلیم کرتی ہے لیکن اس دوران عوامی تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں