سموگ کے باعث سکولوں میں چھٹیاں،متعدد سکولوں میں آن لائن کلاسز کا اجراء تاحال نہ ہوسکا

سرکاری سکولوں میں آن لائن کلاسز کیلئے انفراسٹرکچر ہی نہ ہونے کا انکشاف، محکمہ سکول ایجوکیشن نے آن لائن کلاسز کااعلان توکیا مگرسکولوں کو سہولیات نہ دی گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 13 نومبر 2024 12:25

سموگ کے باعث سکولوں میں چھٹیاں،متعدد سکولوں میں آن لائن کلاسز کا اجراء تاحال نہ ہوسکا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13نومبر 2024) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب میں سموگ کے باعث سکولوں میں چھٹیاں دئیے جانے کے ایک ہفتے بعد بھی متعدد سکولوں میں آن لائن کلاسز کا اجراءنہیں ہو سکا،سرکاری سکولوں میں آن لائن کلاسز کیلئے انفراسٹرکچر ہی نہ ہونے کا انکشاف،محکمہ سکول ایجوکیشن نے آن لائن کلاسز کااعلان توکیا مگرسکولوں کو سہولیات نہ دی گئیں،سرکاری سکولوں میں انٹرنیٹ کی سہولت زیادہ تر پرنسپل رومز تک محدود ہے۔

بتایاگیا ہے کہ طلبہ کو واٹس ایپ کے ذریعے سے سبق شیئر کر رہے ہیں۔اس حوالے سے مختلف اساتذہ کا کہنا ہے کہ 2010 کے بعدسے سرکاری سکولوں کی کمپیوٹر لیبز کو اپ گریڈ نہیں کیا گیا۔ کمپیوٹر لیبز اس قابل نہیں ہیں کہ آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی سپیڈ کم ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ سکولوں کو شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

انٹرنیٹ نہ چلنے کے باعث آن لائن کلاسز صحیح طریقے سے نہیں ہو رہی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روزسموگ کی بگڑتی صورتحال کے باعث پنجاب حکومت نے بڑھتی ہوئی سموگ اور فضائی آلودگی کے باعث صوبے کے تمام اضلاع کے نجی و سرکاری سکولز بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو آن لائن کلاسز لینے کا کہاگیا تھا۔تمامسکولوں کو 17 نومبر تک مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی سکولز 17 نومبر تک بند رہیں گے جب کہ نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی تھی کہ سرکاری اورنجی تعلیمی اداروں، ٹیوشن سینٹرزکو آن لائن سیشن پرمنتقل کیا جائے۔اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ سموگ کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر تمام اضلاع میں سکولز بند کر رہے ہیں۔

فیصلہ اضلاع کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کیا گیاتھا۔ تعلیمی نقصان کا احساس ہے مگر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اقدام مجبوراً اٹھا رہے تھے۔انہوں نے کہا تھا کہ بچوں کو سموگ کے مہلک اثرات سے بچانے کیلئے یہ انتہائی فیصلہ کرنا پڑاتھا عوام کو بھی شعور کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اپنی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنائیں، انسداد سموگ کیلئے جو اپنے طور پر کیا جا سکتا ہے کم از کم وہ تو کریں۔رانا سکندر حیات نے مزید کہا تھا کہ حکومت بچوں اور عوام کی سیفٹی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، عوام تعاون کریں، آن لائن تدریس میں مشکلات کے پیش نظر متبادل اسٹریٹیجی جلد لا رہے ہیں۔ سموگ کے باعث تمام سرکاری اور نجی سکولز 17 نومبر تک بند رکھے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں