مسرت چیمہ بانی چیئرمین عمران خان سے مل کر آبدیدہ ہو گئیں‘ ذرائع

اتنے عرصے بعد لیڈر سے مل کر تمام مشکلات ،تھکن بے معنی سے لگنے لگ گئی ہے ‘ رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 6 دسمبر 2024 11:47

مسرت چیمہ بانی چیئرمین عمران خان سے مل کر آبدیدہ ہو گئیں‘ ذرائع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2024ء)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان سے مل کر آبدیدہ ہو گئیں ۔ ذرائع کے مطابق مسرت جمشید چیمہ کی تقریباً اٹھارہ ماہ بعد اڈیالہ جیل میں ایک کیس کی سماعت کے دوران ملاقات ہوئی ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے مسرت جمشید چیمہ کے سرپر ہاتھ رکھ کر شفقت کا اظہار کیا جس پر مسرت جمشید چیمہ آبدیدہ ہو گئیں ۔

عمران خان نے مسرت جمشید چیمہ سے ان کے شوہر جمشید اقبال چیمہ کی اوپن ہارٹ سرجری اور ان کی صحتیابی کے حوالے سے بھی استفسار کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے بتایا کہ تقریبا ڈیڑھ سال بعد اپنے لیڈر عمران خان سے ملاقات کا موقع ملا ہے ،انہوں نے اپنا دست شفقت میرے سر پر رکھا اورجمشید چیمہ کی بیماری اور صحتیابی کے بارے میں بھی پوچھا ۔

(جاری ہے)

مسرت جمشید چیمہ نے بتایا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے میری حالیہ گرفتاری اور ہونے والے سلوک کے بارے میں بھی پوچھا، یہ ایک طویل ملاقات تھی جس میں انہوں نے اپنے تمام کارکنان اور عوام کے لئے پیغام دیا کہ پریشان نہیں ہونا اور انشااللہ ظلم کا یہ دور جلد اپنے گھٹنے ٹیکے گا،ہم مختلف شہروں میں بوگس مقدمات بھگت رہے ہیں لیکن اتنے عرصے بعد اپنے لیڈر سے مل کر یہ تمام مشکلات اور یہ تمام تھکن بے معنی سے لگنے لگ گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں