پنجاب حکومت کا پلاسٹک پروڈیوسرز، سپلائرز، کلیکٹرز ، ری سائیکلرز کی رجسٹریشن آن لائن کرنے کا فیصلہ

دسمبر سے اینٹی پلاسٹک مہم اور کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرے گا‘ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب

جمعہ 6 دسمبر 2024 11:49

پنجاب حکومت کا پلاسٹک پروڈیوسرز، سپلائرز، کلیکٹرز ، ری سائیکلرز کی رجسٹریشن آن لائن کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2024ء)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پلاسٹک پروڈیوسرز، سپلائرز، کلیکٹرز اور ری سائیکلرز کی رجسٹریشن آن لائن کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ یہ رجسٹریشن پنجاب حکومت کا تاریخی اقدام ہے،جس سے پلاسٹک انڈسٹری کا ڈیٹا ایک جگہ اکٹھا کیا جائے گا۔بذریعہ رجسٹریشن پلاسٹک کی سپلائی سائیڈ کو غیر رسمی معیشت سے نکال کر مکمل طور پر رسمی معیشت کا حصہ بنانا مقصود ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جائے گا بلکہ معیشت میں شفافیت کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کو پلاسٹک فری بنانے کیلئے محکمہ تحفظ ماحول کی کارروائیاں شدت سے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 75 مائکرون سے کم حجم والے پولیتھین بیگز کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے۔ محکمہ تحفظ ماحول نے 9 پلاسٹک تھیلے بنانے والی فیکٹریوں کو خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیئے۔

اینٹی پلاسٹک اسکواڈز پلاسٹک تھیلوں پر پابندی کے نفاذ کے لیے فوڈ پوائنٹس، مارکیٹوں اور دکانوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے سخت اقدامات کر رہے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران دکانداروں کو متبادل ماحول دوست بیگز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پلاسٹک آلودگی ہمارے ماحول اور انسانی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔

مریم نواز شریف اس مسئلے کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کی ہدایت کی ہے۔ ہم یہ اقدام صرف ماحول کی بہتری کے لیے ہی نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کو ایک صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے اٹھا رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور پلاسٹک تھیلوں کی بجائے ماحول دوست مصنوعات استعمال کریں۔

پلاسٹک تھیلوں پر پابندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ عوام کی جانب سے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔ آخر یہ سب کی زندگیوں اور صحت کا سوال ہے۔ محکمہ تحفظ ماحول 10 دسمبر سے اینٹی پلاسٹک مہم اور کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرے گا، عوام تعاون کریں۔ پلاسٹک کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے عوام اور صنعتکاروں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے تاکہ اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں