گلوکار جواد احمد کی بیوی کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑی گئی

لیسکو عملے نے چیکنگ کے دوران پارلر کا دورہ کیا تو سنگر جواد احمد وہاں پہنچ گئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 جنوری 2025 13:36

گلوکار جواد احمد کی بیوی کے بیوٹی پارلر میں بجلی چوری پکڑی گئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 جنوری 2025ء ) لاہور میں گلوکار جواد احمد کی بیگم کے بیوٹی پارلر میں بجلی کی چوری پکڑی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسیکو کے ملازمین نے بتایا ہے کہ صارف کے میٹر کا فیز ڈیڈ کیا ہوا تھا، جب لیسکو عملے نے چیکنگ کے دوران پارلر کا دورہ کیا تو سنگر جواد احمد وہاں پہنچ گئے، انہوں نے ملازمین سے زبردستی میٹر چھین لیا، میٹر ریڈر اصغر اور شاہد پر حملہ کرکے انہیں زد و کوب بھی کیا۔

لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ ایکسین جوہر ٹاؤن احمد فراز موقع پر پہنچے لیکن اس دوران جواد احمد اور ان کی بیوی میٹر لے کر فرار ہوگئے، جواد احمد نے خود میٹر غائب کر دیا اور اس وقت بجلی بند ہے، قانونی کاروائی کے بعد ہی بجلی بحال کی جائے گی، سٹاف نے رپورٹس اعلیٰ حکام کو بھجوا دی ہیں، نواب ٹاؤن تھانے میں ملازمین پر تشدد اور بجلی چوری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان لیسکو نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام او رریکوری کے لئے ڈسکوز سپورٹ یونٹ قائم کر دیا گیا، جس میں حساس اداروں کے افسران بھی شامل کیے گئے ہیں، حکومت کی ہدایت پر یہ ڈسکوز سپورٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے جس کے ڈائریکٹر چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئرشاہد حیدر جبکہ کو ڈائریکٹر سیکٹر کمانڈر سول آرمڈ فورسز ہوں گے، ان کے علاوہ ڈسکوز سپورٹ یونٹ میں ضلعی حکومت، پولیس، ایف آئی اے، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے افسران بھی شامل ہوں گے۔

لیسکو ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مذکورہ یونٹ بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کرے گی، ڈسکوز سپورٹ یونٹ غیرتکنیکی لائن لاسز میں کمی لانے میں بھی مدد کرے گی، یونٹ کی ذمہ داریوں میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیسکو افسران اور ملازمین کو انٹیلی جنس بیسڈ ثبوتوں کی بنیاد پر نوکریوں سے فارغ کرنا بھی شامل ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں