رات گئے سپیشل ڈیوٹی سے گھر جاتے ہوئے سرمیں چوٹ لگنے سے جا ں بحق ہونے والے ٹریفک وارڈن کو سپرد خاک

مرحوم نے محنتی اور ذمہ دارانہ طریقے سے فرائض انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا ‘طیب حفیظ چیمہ

جمعہ 1 جنوری 2016 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جنوری۔2016ء ) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہاہے کہ رات گئے سپیشل ڈیوٹی سے گھر جاتے ہوئے سرمیں چوٹ لگنے سے جا ں بحق ہونے والے ٹریفک وارڈن فرحان جاوید کو سپرد خاک کردیا گیا۔پولیس افسران متوفی کے گھر گئے جنازے میں شرکت کی اور تدفین کے اخرجات اہل خانہ کو پیش کیئے ۔انہوں نے کہا کہ فرائض کی بجا آوری کے دوران اپنی جا ن کا نذرانہ پیش کرنے والے سٹی ٹریفک پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں انکی قربانیاں کھبی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹر لاری اڈا میں تعینات ٹریفک وارڈن فرحان جاوید3325/TWشالامار سے سپیشل ڈیوٹی کرکے رات گئے واپس اپنے گھر شیش محل موہنی روڈ جا رہا تھا کہ مستی گیٹ کے قریب ایک پولیس ملازم نے اسے فٹ پاتھ کے قریب گرا ہوا دیکھاجس کے سر میں چوٹ لگی تھی جبکہ فرحان کی موٹر سائیکل بھی قریب ہی پڑی تھی ۔

(جاری ہے)

ایمبولینس آنے تک ٹریفک وارڈن فرحان جاں بحق ہوگیا۔

سی ٹی او کی ہدایت پر پولیس افسران اسکے گھر گئے، اہل خانہ سے تعزیت کی ۔مرحوم کا جنازہ داتا دربار میں ادا کیا گیا اور میانی صاحب تدفین کردی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر ایس پی سٹی واقعے کی انکوائری رپورٹ ایک دن میں مکمل کرکے رپورٹ کریں گے جبک مرحوم کی تدفین کے ابتدائی اخراجات بھی اہل خانہ کو پہنچا دیئے گئے۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ فرحان جاوید انتہائی محنتی ،اور ذمہ دار انہ طریقے سے فرائض انجام دیتے ہوئے محکمے کیلئے جا ن کا نذرانہ پیش کیا جسے کھبی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں