جرنیلوں کو نہ روکا گیا تو یہ ایک ایک کر کے چاروں صوبوں کونگل جائینگے،متحدہ اپوزیشن، فوج کو پاکستان کی بجائے امریکی مفادات کی فوج بنا دیا گیا،اپوزیشن کا قافلہ اقتدار کیلئے نہیں ملک کو بچانے کیلئے چلا ہے ،رانا تجمل کے انتخابی جلسہ سے سعد رفیق،اعتراز احسن،ملک پرویز،میمونہ ہاشمی،حافظ سلمان بٹ،راجہ اشفاق سرور،غلام عباس،ثمینہ گھرکی،میاں مرغوب،زعیم قادری و دیگر کا خطاب

ہفتہ 23 ستمبر 2006 23:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2006ء) متحدہ اپوزیشن نے کہا ہے کہ جنرل مشرف نے فوج کو پاکستان کی بجائے امریکی مفادات کی جنگ لڑنے والی فوج بنا دیا ہے ۔ان حالات میں اگر خدانخواستہ کسی ملک سے جنگ چھڑ گئی تو امریکی مفادات کیلئے مختلف علاقوں میں پھیلائی گئی ہماری فوج کبھی اکٹھی نہیں ہو سکے گی ۔ملک پر چینی،سیمنٹ،سٹاک ایکسچینج سکینڈل،کمیشن مافیا اور قبضہ گروپ مسلط ہیں۔

جرنیلوں کو نہ روکا گیا تو یہ صوبوں کو آپس میں لڑا کر ایک ایک کر کے نگل جائینگے ۔ اپوزیشن کا قافلہ اقتدار کیلئے نہیں ملک کو بچانے کیلئے چلا ہے اب ملک پر کسی آمر،جابر اور امریکی ایجنٹ کی حکومت نہیں چلنے دیں گے ۔ وزیراعلیٰ کو چیلنج کرتے ہیں وہ اپنی مشینری کے ذریعے جو کروا سکتے ہیں کر والیں ضمنی الیکشن میں ہار انکا مقد بن چکی ہے ۔

(جاری ہے)

جرنیلوں نے عوام کی بات کرنیوالوں میں سے کسی کو پھانسی،کسی کو قتل،کسی کو جلا وطن اور کسی کو در پردہ رہ کر گولی مروا دی ۔

ان خیالات کا اظہار گزشتہ رات حلقہ پی پی 157کے ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کے امیدوار رانا تجمل حسین کے انتخابی جلسہ سے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور،اراکین قومی اسمبلی سعد رفیق،میمونہ ہاشمی،ملک پرویز‘اعتراز احسن،حافظ سلمان بٹ ثمینہ گھرکی،پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب غلام عباس،تحریک انصاف پنجاب کے قائمقام صدر،زعیم قادری،رانا تجمل خان،میاں مرغوب اورامیر العظیم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے اپوزیشن اکٹھی ہو چکی ہے ۔ نواز شریف اور بینظیر بھٹو اقتدار کیلئے نہیں ملک کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں یہ نشست ہم نے پہلے بھی جیتی ہے اب بھی جیت ہماری ہی ہو گی ۔ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اسکے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ نہیں ۔ غلام عباس نے کہا کہ آج ملک میں لوگ دوائیوں کی پرچی جیبوں میں ڈال کر خود کشیاں کر رہے ہیں جو ترقی یافتہ معیشت کے دعویدارحکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے ۔

لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال یہ ہے کہ حکومتی لوگ ہسپتالوں اور سکولوں پرحملے کر رہے ہیں ۔ امریکہ میں بیٹھ کر نہ ڈرنے کی باتیں کرنے والا واقعی نڈر ہے کیونکہ وہ اپنی عوام پر بمباری کرنے سے بھی نہیں ڈرتا ۔ اب اپنے آقا کے سامنے گیارہ ستمبر کے بعد دی جانے والی دھمکی کا اعتراف کر کے پاکستانیوں کے سر جرم سے جھکا دئیے ہیں اگر یہ واقعی لیڈر ہوتا تو حسن نصراللہ اور احمدی نژاد جیسا خطاب کرتا ۔

طالبان کو دہشتگرد کہنے والے جرنیل نے وزیرستان میں کس منہ سے طالبان سے معاہدہ کیا ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان کو بیرون ملک اور پنجاب کو اپنے ہی ملک سے گالیاں دی جارہی ہیں ہم گالیاں کھانے کیلئے پیدا نہیں ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج لوگ بچوں سمیت اجتماعی خود کشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکومت بہتر معیشت کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتی ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے امریکی مفادات کیلئے فوج کو اس طرح سرحدوں پر پھیلا دیا ہے کہ اگر خدا نخواستہ جنگ لگ گئی تو ہماری فوج اکٹھی نہیں ہو سکے گی ۔ حکمرانوں نے فوج کو پاکستانی نہیں امریکی مفادات کی فوج بنا دیا ہے اور اسی فوج کی وجہ سے آج بلوچستان میں آگ لگ چکی ہے اور سندھی،بلوچی پاکستان کے ساتھ رہنے کیلئے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم علیحدہ علیحدہ استعفے نہیں دینگے بلکہ متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے متفقہ طور پر استعفے دیکر حکمرانوں کے منہ پر استعفوں کا طمانچہ ماریں گے اور انہیں ضمنی انتخابات کرانے کی جرات نہیں ہو گی ۔

جس دن اپوزیشن نے فیصلہ کر لیا ہم اسی دن اسمبلیوں سے مستعفی ہو جائینگے ۔ میمونہ ہاشمی نے کہا کہ ہم نے آمریت کیخلاف جنگ شروع کر دی ہے جس میں جیت عوام کی ہی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد جمہوریت اور ووٹ پر بنائی گئی تھی اور اب یہ ملک ووٹ اور جمہوریت پر ہی چلے گا ملک پر کسی آمر اور فرعون کو حکومت نہیں کرنے دینگے ۔ ملک پرویز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی نظریں لاہور کی بجائے اسلام آباد پر ہیں۔

آئندہ عام انتخابات میں عوام انہیں گجرات تک محدود کردینگے۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کیلئے جھوٹ ،جبر اور جھرلو کی سیاست کا ناطقہ بند کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ایوانوں اور میدانوں میں سیاسی گرگٹ ”شیر“کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ اعتراز احسن نے کہا کہ جنرل مشرف نے سات سالوں میں قتل و غارت،مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا عوام کو کچھ نہیں دیا ۔

آج ملک پر چینی چوروں،سیمنٹ مافیا،کمیشن مافیا اور ٹھیکوں پر کمیشن لینے والوں کا قبضہ ہے ۔ حکمرانوں کی کرپشن کی سب سے بڑی نشانی یہ ہے کہ انہوں نے ایک کھرب 15ارب دیکر صرف 22ارب میں سٹیل مل فروخت کی اگر سپریم کورٹ انہیں رنگے ہاتھوں نہ پکڑتی تو انہوں نے تاریخ کا بد ترین ڈاکہ ڈال لیا تھا اب ایسے حکمرانوں کو ہرانا ضروری ہو چکا ہے اور اس مقصد کیلئے نواز شریف اور بینظیر اکٹھے ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس مافیا نے جب محسوس کیا کہ وہ نیب کے شکنجے میں آ رہے ہیں تو انہوں نے جنرل مشرف کے قدموں کو ہاتھ لگاکر اپنی جان چھڑائی حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ قاضی حسین احمد جنرل مشرف کو پیغام دیتے ہیں کہ ہمارے ہاتھوں نے روسی میزائل چلائے ہیں اور یہ کسی بھی ظالم سے مقابلے کی طاقت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہاتھوں میں چو ڑیاں نہیں پہنی بلکہ ان ہاتھوں نے ہتھکڑیاں پہنی ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے اے آر ڈی کے امیدوار رانا تجمل کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں بھرپور سپورٹ کریں گے اور انہیں کامیاب کروائینگے ۔ثمینہ گھرکی نے کہا کہ اے آرڈی کے کارکن پی پی157کے ضمنی الیکشن کوایک مقدس مشن سمجھ کر میدان میں اترے ہیں۔ایک طرف قومی وسائل اور سرکاری مشینری ہے اور دوسری طرف جمہوریت کے حامی عوام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج تک کوئی بڑے سے بڑا فوجی آمر بھی عوامی ریلے کے سامنے بند نہیں باندھ سکا۔حکمران پی پی157کے ضمنی الیکشن میں جمہوری قوتوں کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈال سکتے۔رانا تجمل حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اورقوم ہمارے ساتھ ہے ،بندوق بردارحکمران ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔عوام نے دوبارہ اعتماد کیا تو ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے کی طرح اب بھی عوام کوان کے حقوق دلوانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا۔ 30ستمبرشیر کے نشان پر مہرلگانے اور جمہوریت کی کامیابی کادن ہے ۔ اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں