مائیگرنٹس ریسورس سنٹر شاندارخدمات فراہم کررہاہے،وزیر محنت راجہ اشفاق سرور

جمعہ 25 نومبر 2016 18:01

لاہور۔25 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2016ء)صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہاہے کہ حکومت پنجاب کا قائم کردہ مائیگرنٹس ریسورس سنٹر اب تک بیرون ملک جانے کے خواہش مند 7ہزار سے زائد افراد اور ان کے اہل خانہ کو ضروری معلومات و رہنمائی فراہم کر چکا ہے جبکہ ریکروٹمنٹ ایجنٹس کے استحصال اور دیگر متعلقہ معاملات پر مبنی 105شکایات داد رسی کے لئے ایف آئی اے ، پروٹیکٹر آفس اور دیگر اداروں کو ضروری کارروائی کے لئے بھجوائی گئی ہیں-محکمہ لیبر حکومت پنجاب ، انٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کے تعاون سے جہلم، گجرات ، گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین اور نارووال میں اسی طرز کے مائیگرنٹس ریسورس سنٹرز قائم کرے گا جبکہ جلد ہی پورے صوبے میں یہ رہنمائی مراکز قائم کردئیے جائیں گی-انہوںنے یہ بات انٹرنیشنل سنٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کی سینئر ریجنل ایڈوائزر صدف ڈیرنگ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی-پراجیکٹ آفیسر علی رحمان خان ، کوآرڈینیٹر ایم آر سی لاہور محمد شہبازکے علاوہ ڈائریکٹر آئی آر آئی طاہر منظور وفد میں شامل تھی-وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ محکمہ لیبر نے بیرون ملک جانے کے خواہش مند افراد کی رہنمائی اور انہیں جعل ساز ریکروٹمنٹ ایجنٹس کے استحصال سے محفوظ رکھنے کے لئے دو ماہ قبل انٹرنیشنل سنٹر برائے مائیگرنٹس پالیسی ڈویلپمنٹ ، انٹرنیشنل لیبر آرگنا ئزیشن اور ڈونر ممالک کے مالی تعاون سے پنجاب کا پہلا --’’ مائیگرنٹس ریسورس سنٹر ‘‘ قائم کیا تھا جو بیرون ملک مقیم محنت کشوںاورپنجاب سے غیر ممالک میں روزگار کیلئے جانے والے خواہش مند افراد کو ملازمت کے حوالے سے مستند معلومات ، دستاویزات اور اُن کے حصول کے طریقہ کار بارے آگاہی کے علاوہ کسی بھی شکایت کے اندارج ، ٹریڈ ٹیسٹنگ سنٹر ، صحت اور حفظان صحت ، فنی تربیت سمیت کریئر پلاننگ بارے رہنمائی اور مشاورت فراہم کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر محنت نے کہا کہ مائیگرنٹس ریسورس سنٹر کے قیام سے بیرون ملک ملازمت کیلئے جانے والے افراد کے استحصال کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اور غیر ممالک میں ملازمت کے عمل کو آسان بنانے ، قانونی معلومات کی فراہمی اور سفر کی احتیاطی تدابیر و دیگر ضروری امور بارے بھرپور آگاہی اور تمام معلومات اور رہنمائی بھی مفت فراہم کی جارہی ہے۔ صدف ڈیرنگ نے بیرون ملک ملازمت کے خواہش مند افراد کی رہنمائی او رشکایات کی داد رسی کے لئے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہا اور کہاکہ ان کا ادارہ صوبہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی اسی طرز کے رہنمائی مراکز کے قیام کے لئے بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں