پانامالیکس کے حوالے سے لارجربنچ کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہیں‘میاں مقصوداحمد

کچن کیبنٹ میں ہونے والے فیصلے عوام کی تقدیر نہیں بدل سکتے،الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں،اصلاحات کی جائیں

اتوار 1 جنوری 2017 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پانامالیکس کے حوالے سے نئے لارجربنچ بنانے کاخیر مقدم کرتے ہیں،حکمران اپنی کرپشن چھپانے کے لیے گزشتہ10ماہ سے لیت ولعل کی پالیسی پر عمل درآمد کررہے ہیں،پوری قوم کی نگاہیں پانامالیکس کے نتائج پر مرکوز ہوچکی ہیں،اداروں کو اپنے وقار اور تشخص کوبہتربنانے کے لیے آئین وقانون کی پاسداری کرنی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ ا نہو ں نے کہاکہ2016پاکستانی عوام کے لیے اچھا سال نہیں تھا۔عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں ملا۔مہنگائی،بے روز گا ر ی،لاقانونیت ،دہشت گردی، لوڈشیڈنگ ، بھارتی آبی جارحیت،صنعتوں کی زبوں حالی جیسے سنگین مسائل نے عوام کی زندگی عملاً اجیرن بنادی ہے۔

(جاری ہے)

کچن کیبنٹ میں ہو نے والے فیصلے کبھی قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتے۔

ڈپٹی کمشنرزکی بحالی نے سارے بلدیاتی نظام پر سوالیہ نشان کھڑے کردیئے ہیں۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمران نچلی سطح پر اقتدارکومنتقل کرنے کے فارمولے پر دل سے عمل نہیں کرنا چاہتے۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔2018کے الیکشن میں آئین کے آرٹیکل 62اور63پر پورانہ اترنے والے معاشرتی برائیوں سے داغ دار دامن کے حامل افرادکا پارلیمنٹ میں راستہ روکنا ہوگا۔

صاف ستھری اور دیانتدار قیادت کو منتخب کرکے ہی عوام ملک کی قسمت تبدیل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب تک محب وطن اوربے داغ کردارکے حامل پڑھے لکھے افراد ملک کی بھاگ دوڑ نہیں سنبھال لیتے تب تک پاکستان کے کسی بھی شعبے میں بہتری نہیں آسکتی۔اقرباء پروری اور موروثیت کے فرسودہ نظام نے میرٹ کی دھجیاں اڑاکررکھ دیں ہیں۔پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں اعلیٰ تعلیم کی ڈگریاں لے کر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ نئے سال کے جشن کی آڑ میں فحاشی وعریانی اور ہندوانہ کلچرکوفروغ دینے کی سازشیں ہورہی ہیں۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں غیراخلاقی اورغیراسلامی اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں