بیرونی خطرات کے پیش نظر گروہ بندی نہیں صف بندی کی ضرورت ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کرنے کیلئے رینجرز آپریشن کی ضرورت ہے‘صاحبزادہ حامدر ضا

اتوار 1 جنوری 2017 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بیرونی خطرات کے پیش نظر گروہ بندی نہیں صف بندی کی ضرورت ہے،پنجاب میں دہشتگردوں کی نرسریاں ختم کرنے کیلئے رینجرز آپریشن کی ضرورت ہے، ’’سیاست بذریعہ دولت اور دولت بذریعہ سیاست ‘‘ کا چلن ختم ہو نا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہاکہ بارود والوں کا دور ختم اور درود والوں کا دور شروع ہونیوالا ہے۔امریکہ ، بھارت، اسرائیل اور افغانستان نے پاکستان کے خلاف گٹھ جوڑ کررکھا ہے۔ افغانستان کا صدر بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔ امریکہ ، بھارت اور اسرائیل کے حکمرانوں پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیئے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت دریائوں کا پانی روک کر پاکستان کو بنجر بنانے کی سازش کررہا ہے۔

ہماری حکومت بھارتی آبی دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے۔ قوم حکمرانوں سے مایو س اور اہل سیاست سے بیزار ہے۔ پاکستان کا اسلامی تشخص ختم کرنے کی کو ئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ محب وطن اور عوام دوست قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 2017ء الیکشن کا سال ثابت ہو گا۔ سنی اتحاد کونسل کے کارکنان الیکشن کی تیاریاں شروع کردیں۔ پنجاب میں آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے جنوبی پنجاب دوسرا وزیرستان بن چکا ہے۔ حکومت کالعد م تنظیموں کی بیرونی فنڈنگ نہیں روک سکی۔ کالعد م تنظیموں کا نام بدل کر کام کرنا حکومت کی نااہلی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں