ْجدت کو ضرور اپنایا جانا چاہیے لیکن اس کیلئے اصل پہچان کو پس پشت نہ ڈالا جائے ‘ محمد قوی

نئی نسل کو اپنی تہذیب ، ثقافت سے آگاہ نہ کیا تو آنیوالے چند سالوں میں وقت ہاتھوں سے نکلتا ہوا نظر آرہا ہے

اتوار 26 فروری 2017 11:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2017ء)سینئر اداکار محمد قوی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تہذیب اور ثقافت میں ایک پہچان رکھتا ہے لیکن بد قسمتی سے آج ہم اپنی اصل ڈگر سے ہٹتے جارہے ہیں،جدت کو ضرور اپنایا جانا چاہیے لیکن اس کیلئے اپنی اصل پہچان کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے ۔ ایک انٹر ویو میں محمد قوی نے کہا کہ ہر چیز اپنی مقرر ہ حد میں اچھی لگتی ہے اور جب تجاوز کیا جاتا ہے تو اس کے زیادہ منفی نتائج ہی نکلتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میں صرف شوبز کی بات نہیں کر رہا ہمیں اپنے معاشرے میں مجموعی طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ اگرسچی بات کی جائے تو سب کی یہ رائے ہو گی کہ ہم جس راستے پر چل رہے ہیں یہ ہرگز ہمارا راستہ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے آج ہم اپنی نوجوان نسل کی کیاتربیت کر رہے ہیں ۔ ہمارے پاس اب بھی وقت ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اپنی تہذیب اور ثقافت سے آگاہ کریں وگرنہ آنے والے چند سالوں میں وقت ہاتھوں سے نکلتا ہوا نظر آرہا ہے جس کے معاشرے پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں