حکمران جماعت کااپنے لوگوں کو براہ راست کروڑوں کے فنڈز کے اجراء کا فیصلہ دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے‘ جمشید چیمہ

عوام ذاتی مفادات اور انا کی تسکین کیلئے ترجیحات بنانے والوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیں گے ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

اتوار 26 مارچ 2017 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکمران جماعت کی طرف سے آئندہ عام انتخابات کیلئے اپنے لوگوں کو براہ راست کروڑوں روپے کے فنڈز کے اجراء کا فیصلہ دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے،حکمران جو مرضی کر لیں عوام ذاتی مفادات اور انا کی تسکین کیلئے ترجیحات بنانے والوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کر دیں گے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اپنی جماعت کے منتخب ارکان کو ہی نہیں بلکہ گزشتہ عام انتخابات میں ہارنے والوں کو بھی فنڈز دینے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ حکومت کی طرف سے فی رکن اسمبلی 35،35کروڑ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بعض اہم حلقوں میں فنڈز کا حجم پچاس کروڑ روپے فی رکن اسمبلی بھی رکھا جارہا ہے ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عوام پہلے ہی موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں سے متنفر ہیں اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں ان کا بوریا بستر ہمیشہ کے لئے گول ہو جائے گا۔ عوام آئندہ عام انتخابات میں حکمرانوں کے کھوکھلے نعروں کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے بلکہ ووٹ کی طاقت سے پسے ہوئے طبقات کا خون چوسنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں