وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے‘شہباز شریف

ترک وزارت صحت کے ماہرین اور ڈاکٹرز کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے تعاون لائق تحسین ہے پاکستان اور ترکی محبت کے تاریخی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں‘وزیر اعلی پنجاب

اتوار 26 مارچ 2017 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ترکی کی وزارت صحت کے اعلی سطح کے وفدنے ملاقات کی - وفد کی قیادت ترکی کے محکمہ بین الاقوامی صحت پالیسزکے مینجنگ ڈائریکٹر سلامی کیلک کر رہے تھے -ترک وفدنے یوم پاکستان کے حوالے سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستانی بھائیوںکی خوشیوں میںبرابر کے شریک ہیںاورہم نے یوم پاکستان کی خوشیوں کو ہفتہ صحت کے طور پر منایا ہے اور ہمیں پاکستان میں اپنے بہن بھائیوںکی خدمت کر کے حقیقی خوشی حاصل ہوئی ہے - انہوںنے کہا کہ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ایک شاندار تحفہ ہے اوراس ہسپتال میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں - ترک وفد نے کہا کہ ہماری ٹیم شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے اورپاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے -وزیر اعلی محمدشہباز شریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی محبت اور بھائی چارے کے تاریخی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اوردونوں ملکو ںکے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں-انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے لئے عظیم جدوجہد کا آغاز کیا بلا شبہ یہ دن ایک تاریخ ساز دن ہے - انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے - پاکستان میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں - انہوںنے کہا کہ ترک وزارت صحت کے ماہرین اور ڈاکٹرز کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے تعاون لائق تحسین ہے -انہوںنے کہا کہ مظفر گڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال کو 500 بستروں تک بڑھایا جا رہا ہے اوریہ ہسپتال پاکستان اور ترکی کے لازوال رشتوں کی علامت ہے - انہوںنے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو عوام کی توقعات کے مطابق بنانا ہمارا مشن ہے اور دوست ملک ترکی کی جانب سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں تعاون پر ان کے مشکور ہیں - ترکی کی وزارت صحت کے ماہر ڈاکٹر حسن کاگل اور دیگر نامور ڈاکٹرز وفد میں شامل تھی-صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، عائشہ غوث پاشا ، مشیرڈاکٹر عمر سیف ،چیف سیکرٹری ، ماہرین صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں