راولپنڈی کوہاٹ سیکشن کی بحالی پر ائیرکنڈیشنڈ بوگیوں کا کرایہ روڈ ٹرانسپورٹ سے کم ہونا چاہئے ‘خواجہ سعد رفیق

کوہاٹ سے ٹرین کو صبح دس بجے راولپنڈی پہنچ جانا چاہئے اور اسی طرح رات نو بجے تک واپسی کی سہولت ہونی چاہئے’وفاقی وزیر ریلوے

اتوار 26 مارچ 2017 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ ریل کے کرائے روڈ ٹڑانسپورٹ سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں، انہوں نے یہ ہدایت راولپنڈی کوہاٹ ریل سیکشن کی بحالی کے حوالے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں چیئرپرسن پاکستان ریلویز مسز پروین آغا،قائمقام چیف ایگزیکٹو آفیسرمقصودالنبی،مشیرریلویزانجم پرویز، ممبرفنانس غلام مصطفی،ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچرہمایوںرشید اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ راولپنڈی کوہاٹ سیکشن کی بحالی پر ائیرکنڈیشنڈ بوگیوں کا کرایہ روڈ ٹرانسپورٹ سے کم ہونا چاہئے اور اس سلسلے میں پاکستان ریلویز کو کوہاٹ کے عوام کو سیکشن کی بحالی پر ابتدا میں خصوصی رعائیتی اور تعارفی پیکج دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں ے اس موقعے پر کوہاٹ اورراولپنڈی سے ٹرین کے اوقات کار کی بھی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ سے ٹرین کو صبح دس بجے راولپنڈی پہنچ جانا چاہئے اور اسی طرح رات نو بجے تک واپسی کی سہولت ہونی چاہئے۔

خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز کے سوشل میڈیا پیج پر ان شکایات پر بھی انکوائری کا حکم دیا کہ کراچی حیدرآباد اور لاہور گوجرانوالہ جیسے مصروف سیکشنوں پر ریل کے کرائے روڈ ٹرانسپورٹ سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روٹس پر روڈ ٹرانسپورٹ کے ساتھ کرایوں کی سٹڈی کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی حال ہی میں پاکستان ریلویز نے گرین لائن کا راولپنڈی سے لاہور کا کرایہ 1510 روپوں سے کم کر کے 1200 روپے کیا ہے جواس کا اپنے مسافروں پر اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کراچی، حیدر آباد، میر پور خاص ریل سروسز کی بحالی کے لئے سٹڈی فوری طور پر مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیکشن کی بحالی سندھ میں خاص طور پر حیدر آباد اور میر پور خاص کے شہریوں کے لئے ایک بڑآ تحفہ ہو گی۔ خواجہ سعد رفیق نیکہا کہ پاکستان ریلویز سبی ہرنائی خوست سکیشن کو بھی بحال کر رہا ہے اور وہاں بھی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں