پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کیلئے الٹرا ساؤنڈ مشینیں خریدنے کی منظوری، مریضوں کو 24 گھنٹے سہولت ملے گی، پہلے ہیٹا ٹائٹس فلٹر کلینک پر مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی شروع ، اسی طرز پر فلٹر کلینکس دیگرشہروں میں بھی بنائے جائیں گے،دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے روایتی فرسودہ نظام کو چھوڑنا ہو گا ، ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے ہراقدام اٹھاؤں گا

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا صوبے میں علاج معالجے کی معیاری و جدید سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس سے خطاب نجی ہسپتالوں کو گرانٹس ان ایڈ کی فراہمی اور معیاری علاج کی خدمات مہیا کرنے کیلئے سفارشات تیا ر کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل

اتوار 26 مارچ 2017 19:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مارچ2017ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اتوار کو تعطیل کے باوجود تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی معیاری و جدید سہولتوں کی فراہمی کے پروگرام کے حوالے کئے جانے والے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتیں ملنا اس کا حق ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تربنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے تا کہ عام آدمی کو علاج معالجے کی وہی سہولتیں میسر آئیں جو اشرافیہ کو میسر ہیں- انہوںنے کہا کہ پاکستا ن کے پہلے ہیٹا ٹائٹس فلٹر کلینک پر مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی شروع ہو چکی ہے اور اسی طرز پرہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس دیگرشہروں میں بھی بنائے جائیں گے جہاں ہیپاٹائٹس کی تشخیص اور علاج معالجہ کے ساتھ ویکسینیشن کی سہولت بھی ہو گی-وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ دیگر شہروں میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کے قیام کے حوالے سے تجاویزکو جلد حتمی شکل دے کر فائنل پلان پیش کیا جائے تا کہ اس اہم پروگرام پر جلد سے جلد کام شروع کیا جا سکی- اجلاس کے دوران پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کیلئے الٹرا ساؤنڈ مشینیں خریدنے کی منظوری دی گئی-وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت میں الٹراساؤنڈ مشینیں مہیا کی جائیں گی اورالٹراساؤنڈ مشینیں چلانے کیلئے لیڈی ہیلتھ وزٹرز کو تربیت دی جائے گی جبکہ الٹراساؤنڈ مشینوں کی فراہمی سے بنیادی مراکز صحت پرطبی سہولتوں میں بہتری آئے گی-وزیر اعلی نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت پر الٹراساؤنڈ کی سہولت 24 گھنٹے فراہم ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لئے نئی لیڈی ہیلتھ وزٹرز بھرتی کرنے کا بھی جائزہ لیا جائی-وزیر اعلی نے نجی ہسپتالوں کیلئے گرانٹس ان ایڈمیں اضافے کا فریم ورک مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میںکمیٹی تشکیل دی جائے جو نجی ہسپتالوں کو گرانٹس ان ایڈ کی فراہمی اور مریضوں کو علاج معالجے کی خدمات مہیا کرنے کے حوالے سے حتمی سفارشات تیا ر کرکے پیش کری-وزیر اعلی نے کہا کہ نجی ہسپتالوں کو اس حوالے سے عام آدمی کو علاج معالجے کی سہولتوں میں حکومت کا ہاتھ بٹانا ہو گا-دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہمیں روایتی فرسودہ نظام کو چھوڑنا ہو گا -انہوںنے کہا کہ ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے ہر وہ اقدام اٹھاؤں گا جس سے دکھی انسانیت کو فائدہ پہنچے اور ان کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکے - انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت انتہائی کم وسیلہ طبقات کو معیاری علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے اور پنجاب حکومت نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کا دائرہ کار پورے صوبے میں پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے -ہیلتھ انشورنس پروگرام کو وسعت دینے پر اربوں روپے خرچ ہوں گے اور یہ اخراجات نہیں بلکہ عام آدمی کو جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سود مند سرمایہ کاری ہے -انہوں نے کہا کہ ٹی بی کنٹرول اور بچاؤ پروگرام کو موثر انداز سے آگے بڑھایا جائے اورٹی بی کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں- اس ضمن میں بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جائی- صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، عائشہ غوث پاشا، مشیر عمر سیف ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، طبی ماہرین اور اعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں