سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز (آج )سے ہوگا،45ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل

پولیو فری پاکستان کے لئے ہر بچے تک پہنچنا اور مشنری جذبے سے کام کرنا ضروری ہے‘صوبائی وزیر صحت

اتوار 23 ستمبر 2018 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) ملک گیر سہ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز آج بروز( پیر) سے ہوگا جس کیلئے پنجاب بھر میں 45ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔یہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائیں گی۔ اس کے علاوہ لاری اڈوں، ریلوے سٹیشنوں اور اہم مقامات پر بھی ٹیمیں موجود رہیں گی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کا ہدف حاصل کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

پولیو فری پاکستان کے لئے ہر بچے تک پہنچنا اور مشنری جذبے سے کام کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا کوئی بچہ پولیو جیسی ناقابل علاج بیماری کا شکار نہیں بننے دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے والدین اور اساتذہ کرام سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران 5سال تک عمر کے بچوں کو ویکیسن کے قطرے پلوائیں اور اس عظیم مقصد کے حصول میں حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں۔

دریں اثنا پنجاب ایمرجنسی آپریشن کے کوآرڈی نیٹر اور ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منیر اکرم نے بتایا کہ پے در پے انسداد پولیو مہم کے باعث اگرچہ پنجاب میں پولیوکا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا تاہم راولپنڈی اور لاہور میں بعض مقامات سے پولیو کے ماحولیاتی سیمپل مثبت آنے کے بعد کسی سستی یا غفلت کی گنجائش نہیں۔ آج شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لئے اضلاع میں تمام انتظامات مکمل ہیں تاہم کسی معلومات یا مدد کے لئے ٹال فری ہیلپ لائن 0800-99000 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں