شالامار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کاچوتھا کانووکیشن،ایم بی بی ایس کی97طلبہ وطالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم

ہفتہ 1 دسمبر 2018 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) شالا مار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کاچوتھا کانووکیشن منعقد ہوا۔ جس میں کالج سے پاس آئوٹ ہونے والے ایم بی بی ایس کی97طلبہ وطالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کیے گئے ۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جاوید اکرم نے سیشن کے بیسٹ گریجویٹ ڈاکٹر مرزا عون بیگ کو گولڈ میڈل اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے دیگر طلبہ وطالبات کو ڈگریاںاور میڈلز دئیے۔

مہمان خصوصی نے تعلیمی سیشن مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر پاس آئوٹ ہونے والے طلبا سے طب کے شعبے میں خدمات کے حوالے سے خصوی حلف لیا گیا۔ چیئرمین بورڈآف ٹرسٹیز شاہد حسین نے اپنے خطاب میں ادارے کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ شالا مار انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز لاہور شہر کے انتہائی پسماندہ اور بڑی آبادی والے علاقے میں صحت کی بہترین اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اوراس کے ساتھ شالا مار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج اور شالامار نرسنگ کالج کے ذریعے اعلی معیار کے ڈاکٹر اور نرسیں تیار کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

کالج میں داخلے کے لیے میرٹ اولین شرط ہے ۔اس موقع پر شالا مار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر زاہد بشیر نے پاس آئوٹ ہونے والے طلبہ وطالبات کو مبارکباد دی ۔تقریب میںممبر بورڈ آف ٹرسٹیز سید بابر علی ، چو ہد ری عمر سعید، ابرار اے ممتاز،شہباز الدین چوہدری ،ایم منیر چوہدری ،میاں الطاف ایم سلیم شالامار انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے چیف ایگزیکٹوبریگیڈئر(ر )انیس احمد ،کالج کے فیکلٹی ممبران،چیف آپریٹنگ آفیسر شالامار ہسپتال بریگیڈئر (ر) محمد نسیم اعجاز ، ہسپتال کے ڈاکٹرز اور طلبہ وطالبات کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں