چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان اور آزادکشمیر کی معیشت پر دورس مثبت اثرات مرتب کرے گا،سردارمسعودخان

منصوبے سے فائدہ اٹھانے کیلئے نوجوانوں کو تیار کرنا ہو گا، روڈ اینڈ بیلٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے چین کو بحر ہند اوربحر عرب تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہو جائے گی ،صدرآزادکشمیرکاتقریب سے خطاب

بدھ 19 دسمبر 2018 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان اور آزادکشمیر کی معیشت پر دورس مثبت اثرات مرتب کرے گا، منصوبے کی تکمیل سے پاکستان ، چین ، وسط ایشیاء اور جنوبی ایشیاء کے ممالک کے مابین جہاں اقتصادی روابط قائم ہونگے وہاں علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی سے پاک باہمی تعاون کا ایک نیا کلچر جنم لے گا۔

اس اہم ترین منصوبے سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں نوجوانوں کو تیار کرنا ہو گا۔ اور نوجوانوں کو تیار کرنے کیلئے ملک کی یونیورسٹیز کا اہم رول ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز لاہور گریژن یونیورسٹی کے زیر اہتمام’’ کمپیوٹر سائنس اور معاون ٹیکنالوجیز‘‘ کے عنوان پر منعقدہ فرسٹ انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ریٹائرڈ) عبید بن زکریا (ہلال امتیاز ملٹری)، یونیورسٹی کی ڈین شازیہ ثاقب، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ صدر سردار مسعود خان نے یونیورسٹی کی انتظامیہ کو اپنی نوعیت کی پہلی ایسی کانفرنس منعقد کرنے اور انہیں اس اہم کانفرنس سے خطاب کرنے کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوںنے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس اورانڈسٹریل انفراسٹرکچر کے منصوبوں سے کما حقہ فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان اور چین کی جامعات مل کر ایسی کوششیں کریں کہ نوجوانوں کو وہ تعلیم ملے جس کی جاب مارکیٹ میں طلب ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پیدا ہونے والے معاشی فوائد میں معاون ثابت ہو۔

انہوں نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دینے کیلئے ایک مکمل یونیورسٹی کام کر رہی ہے جبکہ دیگر چار جامعات میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر کی تعلیم کیلئے ڈیپارٹمنٹس موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ آزادکشمیر میں عدالتی نظام، لینڈ ریکارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کو بھی کمپیوٹر کے نظام سے منسلک کر دیا گیاہے جبکہ طلبہ اور عوام کی سہولت کیلئے تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ اور موبائل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

صدر آزادکشمیر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر چالیس ارب ڈالر کا یہ منصوبہ اب توسیع پاکر باسٹھ ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ جبکہ چین کے ایک اور بڑے منصوبے روڈ اینڈ بیلٹ سے دنیا کے تین ایسے براعظموں کو باہم منسلک کر دیا جائے گا جن کی آبادی دنیا کی کل آبادی کا نصف ہے۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ روڈ اینڈ بیلٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے چین کو بحر ہند اوربحر عرب تک بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہو جائے گی جس سے پاکستان کو بھی بہت سے فوائد حاصل ہو نگے ۔

صدر آزادکشمیر نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر یاسر ایاز کو بھی مبارکباد دی جنہوں نے روبوٹ ٹیکنالوجی کے میدان میں عین ایجادات کر کے نہ صرف دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ اس ٹیکنالوجی سے ملک کو مزید فوائد پہنچانے کیلئے ترقی کے دروازے کھول دئیے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کی قابض افواج ہر روز وہاں کے نہتے اور بے گناہ شہریوں کو اپنا حق آزادی مانگنے کے جرم میں قتل و غارت گری کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

انہوں نے نوجوان طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ انٹرنیٹ اور موبائل فون ٹیکنالوجی کا درست استعمال کرتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں اور طلبہ کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ قبل ازیں صدر آزادکشمیر جب لاہور گریژن یونیورسٹی پہنچے تو وائس چانسلر میجر جنرل (ریٹائرڈ) عبید بن زکریا ، برگیڈئیر محمود بشیر باجوہ ، یونیورسٹی کی ڈین شازیہ ثاقب ، ڈاکٹر طاہر الیاس اور فیکلٹی کے ممبران نے ان کا بھر پور استقبال کیا۔ صدر آزادکشمیر نے یونیورسٹی کے تحت چلنے والے ٹی وی چینل ، ریڈیو سٹیشن اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں