مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے‘غلام محی الدین دیوان

کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں بھارت کے ظلم و ستم کا عالمی برادری کو نوٹس لینا ہو گا‘گفتگو

جمعرات 17 جنوری 2019 18:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سیکر ٹری جنرل وممبر قانون ساز اسمبلی غلام محی الدین دیوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے وہاں کی عوام، بزرگ ،خواتین اور طلباء بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں بھارتی افواج نے ظلم کی انتہا کر دی ہے جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں بھارت کے ظلم و ستم کا عالمی برادری کو نوٹس لینا ہو گا ۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے 80 ہزار شہداء کشمیر کی قربانیاں اور شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور کشمیر جلد آزاد ہو گا، مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ نے کوئی کردار ادا نہیں کیا، بھارتی افواج دن رات کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور انہیں نہ تو اقوام متحدہ پوچھتا ہے اور نہ ہی عالم اسلام کے حکمران کوئی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں بھارت کے مظالم کی انتہا اور کشمیریوں کی آواز دبانے کا ہرہندوستانی حربہ ناکام ہوگیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہکنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کسی بھی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے، بھارت کو اس کی زبان میں ہی جواب دیا جائے پاکستان کی مسلح افواج دنیا کی بہترین فوج ہے بھارت صرف گیدڑ بھبکیاں لگانا جانتاہے جبکہ اس کی افواج پاکستان آرمی کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں