کشمیری صرف پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں،

کشمیریوں نے سب سے پہلے 19جولائی 1947ء کو پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی، اس عظیم مقصد کی تکمیل کیلئے پون صدی سے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے اب تک لاکھوں کشمیری اس راہ میں شہید ہوچکے ہیں، سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنمائوں کا تقریب سے خطاب

جمعہ 19 جولائی 2019 16:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) کشمیری صرف پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں، کشمیریوںنے سب سے پہلے 19جولائی 1947ء کو پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی، وہ اس عظیم مقصد کی تکمیل کیلئے پون صدی سے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں، اب تک لاکھوں کشمیری اس راہ میں شہید ہوچکے ہیں، ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی وسماجی جماعتوں کے رہنمائوں نے کشمیرسنٹر لاہور کے زیراہتمام یوم قراردادالحاق پاکستان کے موقع پرمنعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے سیکرٹری جنرل و رکن اسمبلی غلام محی الدین دیوان، مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہور کے صدر راجہ شہزاداحمد،کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندہ انجینئرمشتاق محمود، سینئرکالم نگار مرزامحمد صادق جرال، آل جموںوکشمیرمسلم کانفرنس کے رہنما انجینئر شفیع اقبال قریشی، جماعت اسلامی پنجاب کے رہنما احسان اللہ تبسم، کشمیرایکشن کمیٹی کے رہنما فاروق آزاد، انچارج کشمیرسنٹر سردارعظیم سرور، کونسلرحاجی محمداعجاز، حسن جرال و دیگر نے خطاب کیا،غلام محی الدین دیوان نے کہا کہ کشمیری اپنے خون سے تحریک آزادی کی شمع کو روشن کئے ہوئے ہیں، مضبوط پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے، سکھوں کی تحریک آزادی بھی عروج پکڑ گئی ہے، وہ وقت دور نہیں جب نہ صرف کشمیر آزاد ہوگا بلکہ بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیں گے، راجہ شہزاداحمد نے کہا کہ کشمیریوں کی واحد اور آخری منزل پاکستان ہی ہے، معاشی ، دفاعی اور سیاسی اعتبار سے مضبوط پاکستان ہی عالمی برادری کو مجبور کرسکتا ہے کہ وہ کشمیر کی آزادی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں، انجینئرمشتاق محمود نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت چاہتے ہیں، اب نوجوان بھی بھارت سے آزادی کی لڑائی میں شریک ہیں، بھارت کی کوشش تھی کہ کشمیریوں کی تیسری نسل مسئلہ کشمیر کو فراموش کردے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکا، اس موقع پر شرکائے اجلاس نے اکثریت کے ساتھ قراردادیں بھی منظور کیں، تقریب کے اختتام پر احسان اللہ تبسم نے شہدائے کشمیر کی بلندئ درجات اور کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان کیلئے دعاکروائی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں