بچے پاکستان کا سرمایہ ہیں، نامور تعلیمی اداروں سے موٹروے پولیس کے افسران و ملازمین کے بچوں کیلئے خصوصی تعلیمی پیکیج کے معاہدے کر رہے ہیں ، محمد عامر ذوالفقار خاں

ہفتہ 18 اگست 2018 16:28

لاہور۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس محمد عامر ذوالفقار خاں نے کہا ہے کہ بچے پاکستان کا سرمایہ ہیں اگر ہم اقوامِ عالم میں پاکستان کو سر بلند دیکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں انہیں اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا پڑے گا۔ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرہ ہال لاہور میں میرٹ ایوارڈ تقریب کے موقع پرکیا۔

تقریب موٹروے پولیس کے اُن بچوں کے اعزاز میں منعقد کی گئی جنہوں نے حالیہ میٹرک کے امتحان میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔تقریب میںایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر راجہ رفعت مختار، ڈی آئی جی کمانڈنٹ ٹریننگ کالج شیخوپورہ محبوب اسلم،ڈی آئی جی سنٹرل زون احمد ارسلان ملک،ڈی آئی جی نارتھ وقار عباسی اور مُلک بھر سے ایس ایس پی صاحبان،موٹروے پولیس کے دیگر افسران، بچوں کے والدین،معروف کالمنسٹ اور بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

آئی جی موٹروے پولیس محمد عامر ذوالفقار خاں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ نوجوان نسل کو تعلیم کی طرف راغب کیا جائے تاکہ وہ مستقبل کے تقاضوں کیمطابق مُلک کی خدمت کر سکیں اور اس کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس محکمہ کا سربراہ ہونے کے ناطے میری یہ دلی خواہش ہے کہ اس محکمہ کے ملازمین کے بچے ملک کے نامور تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔

آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے بتایا کہ وہ ملک کے نامور تعلیمی اداروں سے موٹروے پولیس کے افسران و ملازمین کے بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی پیکیج کے معاہدے کر رہے ہیں۔آئی جی موٹروے پولیس نے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 96بچوں میں انعامات اوراُن کے والدین میں تحائف تقسیم کیے۔محمد عامر ذوالفقار خاں نے نمایاں نمبروں سے کامیاب ہونے والے بچوں کے والدین کو مبارکباد دی اور مزید کہا کہ یہ ان کی ذاتی دلچسپی کا نتیجہ ہے کہ ان کے بچوں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے ، امید کی ہے کہ مستقبل میں بھی وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

انعامات حاصل کرنے والے بچوں اور اُن کے والدین نے آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ان کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی اس کاوش کوسراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں