مزنگ میں کار کی ٹکر سے 35سالہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق ،کار سوار موقع سے فرار

بدھ 12 دسمبر 2018 16:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ مزنگ میں کار کی ٹکر کے نتیجے میں 35سالہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے جبکہ کار سوار موقع سے فرار ہونے میںکامیاب ہو گیا ، پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز ایس ایس یو میں تعینات 35سالہ ہیڈ کانسٹیبل تنویر اپنے دوستوں خلفان اور عباس بلوچ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہو کر وارث روڈ سے گزر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں تینوں موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہو گئے جبکہ کار سوار موقع سے فرار ہوگیا ۔

مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جہاں ہیڈ کانسٹیبل تنویر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کردی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں