شیخوپورہ ،دوروز قبل کمسن بہن بھائی کے اغوا ء کا ڈراپ سین ،

دونوں کو قتل کرکے لاشیں نہر میں پھینک دی گئیں،چار ملزمان گرفتار ملزمہ نبیلہ کی بچوں کے والد کیساتھ منگنی ہوئی تھی جو ٹوٹ گئی ،بدلہ لینے کیلئے بھائی ،کزن اوربچوں کے ماموں سے ملکر اغوا ء اور قتل کیا ‘ پولیس

بدھ 19 دسمبر 2018 14:12

شیخوپورہ/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2018ء) شیخوپورہ کے علاقے فیروز وٹواں سے دوروز قبل کمسن بہن بھائی کے اغوا ء کا ڈراپ سین ہوگیا ، دونوں بچوں کو قتل کرکے لاشیں نہر میں پھینکنے والے چارملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے فیروز وٹواں میں دو روز قبل جڑانوالہ سے اپنے ننھیال آنے والے تین سالہ توحید اور2 سالہ خدیجہ کو اغوا ء کرلیا گیا تھا اور انہیں بیدردی سے قتل کرنے کے بعد لاشیں نہر میں پھینک دی گئیں۔

پولیس نے بچوں کے والد شکیل کی مدعیت میں تھانا بھکی میں اغوا ء کا مقدمہ درج کیا تھا۔ڈی پی او شیخوپورہ جہا نزیب خان نے فوری ایکشن لیتے ہوے بچوں کی تلاش کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی جس نے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق بچوں کے والد شکیل کی پہلی منگنی بھی اسی گائوں کی نبیلہ بی بی نامی خاتون کے ساتھ ہوئی تھی جو بعد میں ٹوٹ گئی تھی۔

ملزمہ نے بدلہ لینے کے لیے اپنے بھائی علی، کزن حفیظ اور بچوں کے ماموں شاہد سے مل کر بچوں کو اغوا ء کیا اور گلا دبا کر قتل کردیا۔ملزمان نے بچوں کی لاشیں بنگلہ نہر میں پھینک دی تھیں ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس نے نہر بنگلہ سے لاشیں برآمد کر لی ہیں ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں