پاکستان سیاحت، کرکٹ اور ہر قسم کے کاروبار کیلئے محفوظ ترین ملک ہے‘مرکزی چیئرمین عوامی رکشہ یونین مجید غوری

مقبوضہ کشمیر میں جاری دہشت گردی کو ختم کروا کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے

جمعرات 17 اکتوبر 2019 17:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ پاکستان سیاحت، کرکٹ اور ہر قسم کے کاروبار کیلئے محفوظ ترین ملک ہے۔برطانوی شاہی جوڑے کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہنے کیلئے لاہور میں ویلکم ریلی اس لئے نکالی ہے تاکہ عالمی برادی کو پیغام جائے کہ پاکستان پر امن ملک ، پاکستانی پیار کرنے والے لوگ اور اسلام امن پسند مذہب ہے۔

یہاں سفر چاہے جہاز پر کریں یا رکشے پر محفوظ ترین ہوگا۔ پاک فوج ، رینجرز اور پولیس کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا جس کیلئے ہم اپنے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی برادری کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر ہماری شہ رگ اور کشمیری ہمارے بھائی ہیں بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری دہشت گردی کو ختم کروا کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے۔

(جاری ہے)

شاہی جوڑے کو پیغام دیتے ہوئے مجید غوری نے کہا کہ جب وہ اپنے ملک جائیں تو پاکستان سے سمیٹی ہوئی محبت کا حق ادا کریں اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے کیلئے بھیجیں اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر ٹائون میں ایکسپو سینٹر سے کنال روڈ تک برطانوی جوڑے کو لاہور میں خوش آمدید کہنے کیلئے نکالی گئی ولیکم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی میں شرکت کرنے والے رکشوںکو پاکستانی ، برطانوی اور کشمیری پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ ریلی میں شریک عوامی رکشہ یونین کے کارکن ویلکم ،ویلکم شاہی جوڑا ویلکم ، جیوے جیوے پاکستان، کشمیر بنے گا پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔ ریلی مقررہ روٹ پر چلتی ہوئی کنال روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔عوامی رکشہ یونین نے غیر ملکی مہمانوں کا اپنے انداز سے شاندار استقبال کے پوری دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی زندہ دل ، مہمان نواز اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں