اللہ تعالیٰ نے خاتم الانبیاکو کائنات کی بہترین ہستی ، امت کو افضل قرار دیا

ہمیں مذہبی مناسبتوں میں اعتدال سے کام لینا چاہیی:آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

جمعہ 22 نومبر 2019 21:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2019ء) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہاہے کہ خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے کائنات کی بہترین ہستی اور تمام انبیاء و رسل سے افضل اور سید المرسلین کی ذاتِ مبارک کی برکت سے امت محمدیہ کو دیگر امتوں سے افضل و برتر قرار دیا۔

ربیع الاوّل حد درجہ مبارک مہینہ ہے جس میں کائنات کی بہترین ہستی رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے ایک فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت ہوئی۔مسلمانوں پر لازم ہے کہ اس مہینہ کو شایانِ شان طریقے سے منائیں۔ امام جعفر صادقؑ کی عظمت و اہمیت بھی تمام مسالک کے نزدیک تسلیم شدہ ہے۔ان کی قائم کردہ عظیم درسگاہ میں فقط مسلمان ہی نہیں بلکہ ہندو کمیونسٹ سمیت ہر مسلک اور مٴْلک کے لوگ تعلیم حاصل کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ہمیں مذہبی مناسبتوں میں اعتدال سے کام لینا چاہیے۔اگرچہ عزاداری کی مجالس پورا سال ہوتی رہتی ہیں اور یہ حق بھی ہے لیکن سوگ و عزاء کا اصل دن 10محرم اور پھر محرم کے پہلے 10 دن ہیں۔جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر ماڈل ٹائون میں خطبہ جمعہ میں مقامِ ختمی مرتبت کا ذکر کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم ِ خدا سے علم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

آپ کو اللہ نے پہلا حکم علم کے بارے دیا۔قرآن مجید میں قلم اور سطر وں کی قسم کھائی گئی۔ حضور کی اسی علمی تربیت کا نتیجہ تھا کہ مسلمان جب تک علم سے وابستہ رہے آٹھ سو سال تک حکومت کی ، تعلیمی ادارے قائم کیے۔ یہ وہ دور تھا جب یورپ جہالت کی تاریکی میں گھِرا ہوا تھا۔ بدقسمتی سے جب مسلمانوں کا زوال شروع ہوا تو علمی ترقی بھی ختم ہو کر رہ گئی۔

اب مدتوں سے مسلمان فکر ی طور پر غیروں کی غلامی میں ہیں۔ نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ امریکہ و یورپ ہی نہیں بلکہ دوبئی کو بھی اپنا مرکز سمجھتے اور وہاں کے تعلق و نسبت کو باعث فخر سمجھتے ہیں حالانکہ دوبئی کوہمارے خطہ کے لوگوں نے آباد کیا۔ان کا کہنا تھاکہ قرآن مجید میں بارہا موت کے بعد کی منازل ، قبر ، برزخ اور آخر ت کی طرف متوجہ کیا گیا ہے۔

قرآن مجید میں غلط رہبروں کی پیروی کرنے والے عوام اور ان رہبروں کے مکالمے ذکر کیے گئے ہیں غلط رہبر چاہے دنیاوی ہوں یا دینی قیامت کے دن سب پکڑے جائیں گے۔عوام اپنی بدبختی کی ذمہ دار اٴْن پر ڈالیں گے لیکن ان کا یہ عذر قبول نہ کیا جائے گا کیونکہ اللہ تعالیٰ نے عقل و فہم کی قوّت دی تھی۔ اسی طرح لوگوں کو گمراہ کرنے پر غلط دینی رہبروں کو بھی سخت عذاب دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں