مظلوم کا ساتھ دینے پر قبضہ گروپ نے حافظ قرآن کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

آصو کھوکھر کے گن مین نے سیدھی فائرنگ کی ، اڑھائی لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے ‘ حافظ خالد

ہفتہ 7 دسمبر 2019 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) حافظ قرآن کو مظلوم کا ساتھ دینا مہنگا پڑ گیا ، قبضہ گروپ نے تشدد کا نشانہ بنا کر اڑھائی لاکھ روپے لوٹ لئے ، شہری نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے انصاف کی اپیل کر دی۔ حافظ خالد نے بتایا کہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قبضہ گروپ کے سرغنہ آصف کھوکھر المعروف آصو کھوکھر کا تالاب سرائے مانگا منڈی میں ایک شخص سے لین کا تنازعہ تھا جس پر آصو کھوکھر آئے روز اپنے اسلحہ بردار ساتھیوں کے ساتھ وہاں آ دھمکتا ۔

دو روز قبل بھی اس نے وہاں دھاوا بولاتو اہل علاقہ اکٹھا ہو گئے ۔ علاقے کی معزز شخصیت ہونے کے ناطے اس نے انہیں معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کو کہا تو آصو کھوکھر آگ بگولہ ہو گیا اور اس نے اپنے گن مین سے کہا کہ پہلے اسے تو راستے سے ہٹائو جس پر گن مین نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

حافظ خالد جان بچا کر اپنے پراپرٹی کے آفس میں پہنچ گیا ۔

ملزمان اس کے آفس میں گھس آئے اور شیشے توڑے اوراسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے حافظ خالد کی میز کے دراز سے مبینہ طو رپر اڑھائی لاکھ روپے لوٹ کر اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے جس پر وہاں موجود لوگوں نے پولیس ایمر جنسی ون فائیو پر کال چلائی ۔ حافظ خالدکے مطابق دو روز گزرنے کے باوجو پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب اعلیٰ سے داد رسی کی اپیل کی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں