صنعتی شعبہ کو گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے ‘وسیم چاولہ

گیس کی بندش سے سینکڑوں صنعتیں بند لاکھوں مزدور بے روزگاری کا شکار ہونگے

جمعرات 21 جنوری 2021 14:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن محمد وسیم چاولہ نے پاور ڈویژن کی طرف سے وسط فروری تک تمام صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے کے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو غیردانشمندانہ اورصنعت دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی شعبہ میں گیس کی بندش سے سینکڑوں صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگاری کا شکار ہونگے ،گیس کی بندش سے صنعتی شعبہ میں مال کی فراہمی کے قبل از کیے گئے معاہدوں کی عدم تکمیل سے صنعتکار مالی مشکلات کا شکار ہونگے جس سے صنعتی و تجارتی شعبہ متاثر ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین مسعود نظامی ، وائس چیئرمین محمد عدیل بھٹہ کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

محمد وسیم چاولہ نے کہا کہ گیس بحران کے خاتمہ کیلئے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ فی الفور پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی تعطل کا شکار نہ ہو ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم مداخلت کریں اور صنعتوں کو بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرا ر دیا جائے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوسکے ۔اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں