شہباز شریف کے پڑوسی کے گھر میں ڈکیتی ،ایک کروڑ 10لاکھ روپے کے زیورات،28لاکھ نقدی ،11موبائل فون لوٹ لئے گئے

ڈاکوئوں نے مزاحمت پر پسٹل کا بٹ مار کر گھر کے مالک ڈاکٹر عرفان کو زخمی کر دیا ،ڈاکو جاتے ہوئے گھر میں کھڑی گاڑی بھی لے گئے

جمعرات 28 جنوری 2021 15:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) ماڈل ٹائون میں ڈاکوئوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے پڑوسی کے گھر سے ایک کروڑ 10لاکھ روپے مالیت کے زیورات ،28لاکھ روپے نقدی اور 11موبائل فونز لوٹ لئے ، ڈاکوئوںنے مزاحمت پرگھر کے مالک ڈاکٹر عرفان کو کو زخمی کر د یا اور جاتے ہوئے گھر میں کھڑی گاڑی بھی لے اڑے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ماڈل ٹائون کے علاقہ 88ایچ بلاک میں مسلح ڈاکو ڈاکٹر عرفان کے گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ایک کروڑ 10لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات،28لاکھ روپے نقدی اور 11قیمتی موبائل فونز چھین لئے ۔

ڈاکوئوں نے مزاحمت کرنے پر بٹ مار کر ڈاکٹر عرفان کو زخمی کر دیا ۔ واردات کے بعد ڈاکو گھر میں کھڑی گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں