انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو سولر پاور سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ

جمعرات 16 ستمبر 2021 15:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2021ء) :انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ( آئی پی ایچ)میں بجلی کی کھپت کم کرنے ،  بلوں پر اٹھنے والے اخراجات کو گھٹانے اوربلا تعطل پاور سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے آئی پی ایچ کو سولر پاور سسٹم پر منتقل کیا جائیگا، ادارے میں زیر تعلیم ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکس ، فیکلٹی ممبرز اور سٹاف کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی لگایا جائیگا ۔

اس بات کا فیصلہ انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چھٹے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین اور سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول نے کی ۔  خالد مقبول کا کہنا تھا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کو صحت عامہ کو بہتر بنانے اور پبلک ہیلتھ کے شعبہ میں ریسرچ اینڈ ایجوکیشن کے جدید مواقع فراہم کر کے بین الاقوامی میعار کا مثالی ادارہ بنانے کیلئے تمام  ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے فیصلوں کے حوالے سے ڈین ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے بتایا کہ اجلاس میں ٹیچنگ سٹاف کو بہتر سہولیات کی فراہمی ، سٹاف میں اضافہ ، کلاس رومز کی اپ گریڈیشن  اور  ٹیچنگ سہولیات میں اضافے کیلئے اقدامات کی منظوری دی گئی۔ انسٹیٹیوٹ میں خواتین کی سہولت کیلئے لیڈیز کامن روم بنایا  اور فیسلیٹیشن سینٹر بھی قائم کیا جائیگا ۔علاوہ ازیں لیبارٹری کے قیام اور پہلے سے موجود لیبارٹری کو اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس میں آئی پی ایچ کے قومی اور بین الاقوامی جامعات اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون اور مشترکہ تحقیقی و تعلیمی پروگراموں میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں پروفیسر شکیلہ زمان ، عمران اقبال ، ڈاکٹر صائمہ ایوب ، ڈپٹی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر عائشہ پرویز اور محکمہ خزانہ پنجاب کے نمائندہ افسر نے بھی شرکت کی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں